International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Saturday, June 28, 2008

خیبر ایجنسی میں آپریشن شروع کر دیا گیا


پشاور ۔ خیبر ایجنسی کی پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں مبینہ عسکریت پسندوں کے خلاف سیکورٹی فورسز نے آپریشن شرو ع کر دیا ہے ۔باڑہ کو جانے والے تمام خارجی اور داخلی راستے بند کر دیئے گئے اور کرفیو نافذ کر دیاگیا ۔خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود سے سیکورٹی فورسز کے تازہ دم دستے باڑہ پہنچادیئے گئے ۔ان دستوں کے ہمراہ چھ بکتر بند گاڑیاں اور ٹینک بھی شامل ہیں ۔سیکورٹی فورسز نے پوری باڑہ تحصیل کو گھیرے میں لے لیا ۔پہاڑی چوٹیوں اور باڑہ کے مختلف علاقوں پر چیک پوسٹیں قائم کر دی گئیں ۔باڑہ میں مکمل کرفیو کا نفاذ کر کے مقامی لوگوں کو گھروں سے نہ نکلنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے اور لاؤڈ سپیکروں کے ذریعے لوگوں کو گھروں تک محدود رہنے کا حکم دیدیا ۔باڑہ میں کپڑے کے بڑے بڑے گودام اور تمام کاروباری مراکز بند کر دیئے گئے اور باڑہ جانے والے تمام راستے سیل کر کے باڑہ جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ۔تحصیل باڑہ کے ساتھ قبائلی سرحدی علاقے پر بھی سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی اور باڑہ میں بڑے پیمانے پر سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کر دیاگیا۔باڑہ کے ساتھ ساتھ سربند،پشتہ خرہ اور دوسرے علاقوں میں بھی ایف سی کے اہلکاروں نے گشت شروع کر دی ۔خیبر ایجنسی سے آمدہ اطلاعات کے مطابق تحصیل جمرود کے شاہ کس علاقے میں عسکریت پسندوں کے قلعے پر تین راکٹ داغے گئے تاہم کوئی جانی مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔اطلاعات کے مطابق عسکریت پسندوں کی جانب سے باڑہ علاقے کو خالی کر دیاگیا اور بڑی تعداد میں عسکریت پسندخیبر ایجنسی کے دور افتادہ علاقہ تیراہ او ر دوسرے علاقوں کو منتقل ہو گئے ۔عسکریت پسندوں کی جانب سے مورچے سنبھا ل لئے گئے اور باڑہ میں آپریشن کی وجہ سے شدید کشیدگی پائی جاتی ہے اور لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے ۔

No comments: