International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Wednesday, March 19, 2008

فہمیدہ مرزا اور اسرار ترین میں مقابلہ،اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج خفیہ رائے شماری سے ہوگا




اسلام آباد - قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے نو منتخب قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، یہ انتخاب بدھ کی صبح گیارہ بجے قومی اسمبلی ہال میں ارکان کے خفیہ ووٹوں کے ذریعے ہو گا۔ اسپیکر کے عہدے کیلئے پیپلز پارٹی کی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن کے نو منتخب امیدوار اسرار ترین میں مقابلہ ہوگا جبکہ ڈپٹی اسپیکر شپ کیلئے پی پی کے فضل کریم کنڈی اور ایم کیو ایم کی خوش بخش شجاعت آمنے سامنے ہونگے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے سیکرٹری کرامت حسین نیازی نے ”جنگ“ کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ سفید رنگ کے بیلٹ پیپر طبع کرائے گئے ہیں، اسپیکر کے عہدے کے دونوں ناموں کی مہریں سیکرٹریٹ نے ہر بیلٹ پیپر پر لگا دی ہیں، سیکرٹریٹ کا عملہ ووٹر ممبر کا نام اور قومی اسمبلی کا حلقہ نمبر درج کر کے بیلٹ پیپر کی پشت پر خصوصی مہر لگا کر اور اپنے دستخط کر کے اسے ہرممبر کو جاری کر دے گا، رکن اسمبلی پسند کے امیدوار کے نام کے سامنے والے خانے کے اندر نشان لگا دے گا اور اسپیکر کے ساتھ رکھے بیلٹ باکس میں ووٹ ڈال دے گا۔ ٹرانسپیرنٹ سبز ڈھکن والے دو بیلٹ باکس بمعہ زرد رنگ کی جدید سیل کے ساتھ منگوا لئے گئے ہیں۔ بیلٹ پیپر پر نشان کیلئے جدید ووٹنگ اسکرین لگا دی گئی ہیں۔ اسپیکر کے الیکشن کی نگرانی موجودہ اسپیکر چوہدری امیر حسین کریں گے۔ ووٹنگ مکمل ہونے پر دونوں امیدواروں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور اسرار ترین کے پولنگ ایجنٹوں کی موجودگی میں نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔ چوہدری امیرحسین خود نتیجے کا اعلان کر کے نو منتخب اسپیکر سے حلف لیں گے جس کے بعد نو منتخب اسپیکر ڈپٹی اسپکر کے انتخاب کا عمل شروع کرے گا، رائے شماری خفیہ ہوگی۔ کامیاب ڈپٹی اسپیکر کے نام کا اعلان ووٹ گننے کے بعد کر دیا جائے گا۔ ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک برخاست کردیا جائیگا۔

No comments: