International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Monday, June 23, 2008

کشمیریوں سے ہمارا خون کا رشتہ ہے ‘ بات چیت میں کشمیریوں کی خواہشات کو مدنظر رکھا جائے گا ‘ آصف زرداری



اسلام آباد ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے ۔ حریت کانفرنس کے وفد کی قیادت میر واعظ عمر فاروق نے کی ۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر پاک بھارت مذاکرات اور کئی دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے بے نظیر بھٹو کے قتل پر آصف علی زرداری سے تعزیت کی اور فاتحہ پڑھی ۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کئے جانے والے مذاکرات میں کشمیریوں کی شرکت لازمی ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ حریت کانفرنس کو کشمیریوں کا نمائندہ تسلیم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ آج بھی آصف علی زرداری نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوششیں مزید تیز کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ حریت کے وفد نے بے نظیر بھٹو شہید کی شہادت پر فاتحہ خوانی کی اور ان سب شہیدوں کے لئے دعا کی جنہوں نے کشمیر کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے ہمارا خون کا رشتہ ہے اور پیپلزپارٹی کشمیر کے مسئلے پرہی وجود میں آئی ۔ بعد میں جہانگیر بدر نے مشترکہ بیان پڑھ کر سنایا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی اور حریت رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں طے پایاگیا کہ اے پی ایچ سی اور پیپلزپارٹی کے درمیان شہید بھٹو کے قائم کردہ تعلقات کو قائم رکھیں گے اور انہیں مزید آگے بڑھایا جائے گا ۔ طے پایا کہ اے پی ایچ سی اور پیپلزپارٹی کے درمیان کشمیر کے دونوں جانب کے عوام کے درمیان روابط بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے جن میں طلبہ یوتھ وکلاء ‘ تاجروں اور عوام کے منتخب نمائندوں اور سیاسی پارٹیوں کے وفود کا تبادلہ کیا جائے گا ۔ اس بات کا اعلان کیا گیا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ان کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں ۔ بیان میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ اے پی ایچ سی کشمیریوں کی نمائندہ جماعت ہے اور اس کے ساتھ ساتھ یہ عزم دہرایا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے باہمی مشاورت کی جائے گی ۔ دیگر اقدامات اور ایسی کاوشیں تیز تر کی جائیں گی جن سے مسئلہ کشمیر کا دیر پا حل تلاش کیا جا سکے ۔جس کے بعد صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کشمیریوں کی خواہشات کو مدنظر رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر جب بھی بات ہو گی کشمیریوں کے موقف کو مدنظر رکھا جائے گا ۔

No comments: