International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Wednesday, July 9, 2008

بھارت اور افغانستان سمیت تمام پڑوسیوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، یوسف رضا گیلانی



کوالالمپور ۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت اور افغانستان سمیت اپنے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ بدھ کو یہاں ملائشیا اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اچھا ہو گا کہ ہم ایک دوسرے پر الزام تراشی کی بجائے مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ کریں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں استحکام کا خواہش مند ہے کیونکہ مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر قیادت حکومت نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے تین نکاتی حکمت عملی شروع کی ہے جس میں مذاکرات ترقی اور طاقت کا استعمال شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشت گردی کے بنیادی اسباب جاننے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غربت اس لعنت کی ایک بڑی وجہ ہے جسے ختم کیا جانا چاہیے۔ معیشت کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم الزام تراشی پر یقین نہیں رکھتے ہم نے چیلنجوں کو قبول کیا ہے حکومت اس کا سامنا کرے گی اور ہم معیشت کو مستحکم بنائیں گے۔ اس مقصد کے لیے ہمیں امن و امان کو بہتر بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر امن وامان کی صورت حال بہتر ہو گی تو معیشت یقیناً بہتر ہو گی وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مزید مراعات دی جائیں گی۔

No comments: