پی سی او ججوں کو تسلیم نہیں کرتے ، آئین کی مکمل بحالی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گیسپریم کورٹ کو اصل شکل میں بحال کیا جائے ،اٹک پل پر صحافیوں سے بات چیت
اٹک۔ امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ جب تک ملک میں آئین کی مکمل بالا دستی قائم نہیں ہو جاتی ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔ انہوںنے کہاکہ صدر پرویز مشرف امریکی ایجنٹ ہے اس لیے انہیں برداشت نہیں کر سکتے اور نہ ہی پی سی او کے تحت حلف اٹھانے والے ججوں کو جج تسلیم کرتے ہیں۔ یہاں سرحد سے آنے والے لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے اٹک پل پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم وکلاء اورججوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے سیاسی جماعتوں کے کارکن ایک ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے پیش نظر مقصد یہ ہے کہ 3 نومبر کے غیر آئینی اقدام کے تحت صدر پرویز مشرف نے آئین کو معطل کیا ججوں کو برخاست کیا سپریم کورٹ کا حلیہ بگاڑ دیا ۔ ہم چاہتے ہیں کہ صدر پرویز مشرف کو عبرت ناک سزا دی جائے اور اسے عبرت کا نشان بنایا جائے ۔ قاضی حسین احمد نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا جائے اور پی سی او کے ججوں کو ہم نہیں مانتے اور چاہتے ہیں کہ اصل ججوں کو بحال کیا جائے۔قاضی حسین احمد نے کہاکہ 29 ججوں کی بات خلاف دستور ہے اور یہ سپریم کورٹ کی کمزوری کا باعث بنے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے ججوں کو بحال کر کے 3 نومبر کے غیر آئینی اقدام کو منسوخ کر دیا جائے اور امریکا کی بالا دستی کو ختم کیا جائے۔ وزیرستان باجوڑ اور مہمند ایجنسی میں امریکی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان امریکا سے اپنا ناطہ توڑ لے ۔ انہوں نے کہاکہ نیٹو کی افواج کو بھی افغانستان سے نکالا جائے ہم چاہتے ہیں کہ جب تک امریکی مداخلت ختم نہیں ہو گی ججوں کی بحالی میں رکاوٹ ہو گی کیونکہ پرویز مشرف امریکی ایجنٹ ہیں اور جمہوریت کی بالادستی کے لے ضروری ہے کہ عدلیہ کو بحال کیا جائے اور لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے کیونکہ صدر پرویز مشرف نے چیف جسٹس کو ہٹایا ہی اس خوف سے تھا کہ چیف جسٹس پرویز شرف کو غیر آئینی اور غیر قانونی صدر تسلیم کرتے تھے۔ ایک اور سوال کے جواب میں قاضی حسین احمد نے کہا کہ لانگ مارچ ناکام ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور یہ کہ ہماری جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ملک میں مکمل طور پر آئین کی بالادستی قائم نہیں ہو جاتی اور جب تک عدلیہ مکمل طور پر آزاد نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ افتخار محمد چوہدری کو اپنے تمام ججوں کے ساتھ بحال کیاجائے اور پی سی او ججوں کو برخاست کیا جائے
No comments:
Post a Comment