International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Monday, March 24, 2008

مخدوم یوسف رضا گیلانی دو تہائی اکثریت سے زائد ووٹ لے کر ملک کے ٢٤ ویں وزیراعظم منتخب

پاکستان پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین مخدوم یوسف رضاگیلانی دو تہائی اکثریت سے زائد ووٹ حاصل کر کے وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں انہوں نے وزارت اعظمیٰ کیلئے 264 ووٹ حاصل کئے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے امیدوار چوہدری پرویزالہیٰ نے 42ووٹ حاصل کئے ۔3اراکین نے اپنا حق رائے استعمال نہیں کیا اور انتخابی عمل سے غیر جانبدار رہتے ہوئے ایوان میں موجود رہے نو منتخب وزیراعظم مخدوم یوسف رضا گیلانی ملک کے 24ویں وزیراعظم ہیں وہ کل ( منگل کو ) اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ۔ صدر پرویز مشرف نو منتخب وزیراعظم سے حلف لیں گے۔ وزیراعظم کے انتخاب کیلئے پیر کی سہ پہر قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی صدارت میں ہوا وزیراعظم کا انتخاب ڈویژن کی بنیاد پر ہوا۔ پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان مسلم لیگ(ن) ، اے این پی اور جے یو آئی (ف) پر مشتمل نئے حکمران اتحاد نے مشترکہ امیدوار مخدوم یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینے والے اراکین کیلئے ایوان میں دائیں طرف لابی اے مختص کی گئی تھی ۔ مسلم لیگ (ق) کے امیدوار چوہدری پرویزالہی کیلئے ایوان میں بائیں جانب لابی مختص کی گئی تھی ووٹنگ سے قبل 5منٹ کیلئے گھنٹیاں بجائی گئیں بعد ازاں ایوان کے تمام دروازے بند کر دئیے گئے ووٹنگ کیلئے لابیوں کے داخلی گیٹ پر قومی اسمبلی کے عملہ نے رجسٹر پر ارکان کا نام اور حلقہ کا اندراج کیا ۔ تین اراکین جے یو آئی ( نظریاتی ) کے مولانا عصمت اللہ ، مسلم لیگ ( فنکشنل ) کے اراکین فقیر جادم منگریو ، غلام دستگیر راجڑ نے حق رائے دہی استعمال نہیں کیا سپیکر نے وزیراعظم کے انتخاب کے نتیجہ کا اعلان کیا تو وزیٹر گیلریاں جئے بھٹو ، جئے بھٹو زندہ ، زندہ ہے بے نظیر زندہ ہے ، گو مشرف گو کے نعروں سے گونج اٹھیں سپیکر نے اعلان کیا کہ وزارت اعظمیٰ کیلئے مخدوم یوسف گیلانی نے 264جبکہ چوہدری پرویز الہیٰ نے 42ووٹ حاصل کئے ہیں اس طرح مخدوم یوسف رضا گیلانی قائد ایوان منتخب ہو گئے ۔ اس اعلان پر دوبارہ وزیٹر گیلریاں گو مشرف گو کے نعروں سے گونج اٹھی ۔ حکمران اتحاد کے اراکین نے بھی جیالوں کا ساتھ دیتے ہوئے نعروں کا جواب دیا ۔ متحدہ قومی موومنٹ نے بھی مخدوم یوسف رضا گیلانی کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کیاہے۔

No comments: