پرویز مشرف ساڑھے آٹھ سالہ اقتدار کے بعد نئی حکومت کو مسائل منتقل کر رہے ہیں
آصف علی ذرداری سے کہاہے کہ ججوں کی بحالی پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں کی جائے گی
مسلم لیگ (ن) کے قائد کا مانسہرہ میں عوامی اجتماع سے خطاب
مانسہرہ ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہاکہ مشرف ساڑھے آٹھ سالہ اقتدار کے بعد نئی حکومت کو مسائل منتقل کررہے ہیں ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو مانسہرہ سے بارہ کلو میٹر دور موضع کھواڑی میں عوام کے مطالبے پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وہ یہاں اپنے داماد کیپٹن صفدر کی والدہ کے چہلم کی دعا میں شرکت کیلئے آئے تھے انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے اٹھاون ٹو بی جیسے اختیارات اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں اور اب بھی وہ یہ چاہتے ہیں کہ وزیراعظم اور پارلیمنٹ ان کے ہاتھوں میں کٹھ پتلی بنار ہے ہیں لیکن ہم ملک اور قوم کے مفاد میں اس صورتحال کو تبدیل کردیں گے انہوں نے کہاکہ عوام اٹھارہ فروری کو عوام نے اپنے فیصلے سے پرویز مشرف کو مسترد کر دیا ہے وہ اس میں کسی قسم کی رکاوٹ اور کوتاہی برداشت نہیں کریں گے انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی ، اے این پی اور دیگر اتحادی اپنے باہمی اتحاد کی برکت سے بہت جلد پرویز مشرف کو اقتدار سے الگ کر دیں گے کیونکہ ان کا وجود آمریت کی علامت اور بدامنی، مہنگائی ، بیروز گاری ، لوڈ شیڈنگ ،کرپشن اور غربت جیسے مسائل کا سبب ہے اس موقع پر بعض لوگوں نے کھڑے ہو کر کہاکہ انہیں آٹا مہنگے داموں لائنوں میں کھڑے ہو کر بائیس سے پچیس کلو مل رہا ہے جبکہ نواز شریف دور میں سات روپے کلو مل رہا تھا انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف کے نزدیک پاکستانی عوام کی جان کی کوئی قیمت نہیں جامعہ حفصہ ، لال مسجد ، قبائلی علاقوں میں قتل عام اس کا ثبوت ہے انہوں نے پاکستان کو خون کے دریا میں ڈبو دیا ہے انہوں نے کہاکہ ان سب مسائل کاحل اقتدار سے پرویزمشرف کی رخصت میں پوشیدہ ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ ججوں کی بحالی اورعدلیہ کی آزادی ہماری اولین ترجیح ہے میں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف علی ذرداری سے کہاہے کہ ججوں کی بحالی پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں کی جائے گی پاکستان کے نوے فیصد مسائل عدلیہ کی آزادی سے ہی حل ہو سکتے ہیں اور عدلیہ کی آزادی چیف جسٹس چوہدری افتخار سمیت ساٹھ ججوں کی دو نومبر کی پوزیشن پر بحالی کے بغیر ممکن نہیں ۔ عدلیہ جج بحال ہوں گے تو لوگوں کو انصاف ملے گا میرٹ پر ملازمتیں ملیں گی غریب اور مسکین شہریوں کے چھینے گئے حقوق انہیں واپس ملیں گے اور عوام خوشحال ہوں گے انہوں نے کہاکہ میں نے پرویز مشرف سے آٹھ سال کے دوران صرف اس لئے ہاتھ نہیں ملایاکہ وہ آئین ، انصاف، میرٹ اور پاکستانی مفادات کے دشمن ہیں اور میں اپنے اس فیصلے پر قائم ہوں انہوں نے کہاکہ ہمارے ہاتھ اور دامن صاف ہیں ہم ذاتی مفاد کے بجائے قومی مفاد کی سیاست کر رہے ہیں اقتدار ہماری منزل نہیں بلکہ حصول انصاف پاکستان کا استحکام ، مساوات اور عوام کی خوشحالی ہماری منزل ہے اور اس کیلئے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
No comments:
Post a Comment