حکمران اتحاد کے درمیان قومی اسمبلی کے رواں سیشن کے دوران اعلان بھوربن کے مطابق معزول ججز کی بحالی کے لیے قرار داد پیش کرنے پر اتفاق
قرار داد 21 اپریل تک تیار کر لی جائے گی ، حکمران اتحاد نے قرار داد کے مسودے کی تیاری کا پارٹی رہنماوں کو ٹاسک دے دیا
حکمران اتحاد کا دوبارہ اجلاس 22 اپریل کو اسلام میں متوقع ہے۔ذرائع
اسلام آباد ۔ حکمران اتحاد کے درمیان قومی اسمبلی کے رواں سیشن کے دوران اعلان بھوربن کے مطابق معزول ججز کی بحالی کے لیے قرار داد پیش کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے ۔ یہ قرار داد 21 اپریل تک تیار کر لی جائے گی۔ حکمران اتحاد نے قرار داد کے مسودے کی تیاری کا پارٹی رہنماوں کو ٹاسک دے دیا ہے ۔ حکمران اتحاد کا دوبارہ اجلاس 22 اپریل کو اسلام میں متوقع ہے۔حکومت سازی کے بعد حکمران اتحاد کا پہلا باضابطہ اجلاس آج منگل کو زرداری ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔ حکمران اتحاد کے قائدین میاں محمد نواز شریف ، آصف علی زرداری ، اسفند یار ولی خان نے شرکت کی پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے وفاقی وزراء راجہ پرویز مشرف ، شیری رحمان ، نوید قمر ، سید خورشید شاہ ، جبکہ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی جانب سے وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف اور احسن اقبال نے اپنی اپنی جماعتوں کے قائدین کی مذاکرات میں معاونت کی ۔جمعیت علماء اسلام ( ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان علالت کے باعث اجلاس میں شرکت نہ کر سکے ۔اجلاس میں اعلان بھوربن کے مطابق معزول ججز کی بحالی ، صوبہ سرحد کے قبائلی علاقوں اور سوات کی صورتحال کراچی اور ملتان کے حالیہ واقعات اور دیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس کے بعد مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ قائدین اعلان بھوربن کے مطابق ججز کی بحالی کے عزم پر قائم ہیں ۔اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ ہتھیار ڈالنے والے عسکریت پسندوں سے مذاکرات کئے جائیں گے۔ مشترکہ بیان کے مطابق فاٹا کی صورتحال بھی زیر غور آئی ۔ اجلاس انتہائی خوشگوار ماحول میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں کراچی اور ملتان کے واقعات کو حکومت کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے واضح کیاگیا ہے کہ کسی کو احتجاج کے نام پر تشدد کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق متحدہ حزب اقتدار میں شامل جماعتوں کے درمیان قومی اسمبلی کے رواں سیشن میں ججز کی بحالی کی قرار داد لانے پر اتفاق ہو گیاہے ۔حکمران اتحاد میں شامل جماعتیں اپنی اپنی سطح پر مسودہ تیار کریں گی ۔ جس کا دوبارہ سربراہی اجلاس میں جائزہ لے کر حتمی منظوری دی جائے گی۔ امکان ہے یہ قرار داد 22 اپریل کو قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی ۔21-22 اپریل کو حکمران اتحاد کا دوبارہ اجلاس متوقع ہے ۔اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شیری رحمان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی خوشگوار ماحول میں اجلاس منعقد ہوا۔ مستقبل میں بھی ایسے ہی اجلاس منعقد ہوتے رہیں گے۔ اتحادیوں کا فیصلہ ہے کہ اعلان بھوربن کے مطابق ججز کی بحالی کے وعدے پر قائم ہیں ۔کراچی اور ملتان کے واقعات کو حکومت کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سازشوں کو بے نقاب کرنے کے لیے حکمران اتحاد نے پہلے سے ہی اپنا لائحہ عمل تیار کر رکھا تھا جو قوتیں جمہوریت کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ اجلاس میں ملتان اور کراچی کے حالیہ واقعات کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ایوان میں بے نظیر بھٹو شہید کے بارے میں قرار داد اہم بات ہے اب حکومت ان کی شہادت کی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ سے باضابطہ درخواست کرے گی ۔حکمران اتحاد کے اجلاس کے بعد نواز شریف لاہور روانہ ہو گئے ۔
No comments:
Post a Comment