International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Tuesday, May 13, 2008

میاں نواز شریف نے این اے ١٢٣ لاہور سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے


کورنگ امیدوار حمزہ شہباز ہونگے
٭۔ ۔ ۔ حمزہ شہباز نے پی پی 151 اور پی پی 154 سے بھی کاغذات جمع کروائے ہیں
لاہور
۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے قومی اسمبلی کا ضمنی الیکشن لڑنے کے لئے این اے 123 لاہور سے بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں ۔ اس حلقہ سے ان کے بھتیجے اور میاں شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے بھی آج کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں ۔ ایک روز قبل میاں نواز شریف راولپنڈی کے حلقہ این اے 52 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروا چکے ہیں ۔ میاں نواز شریف کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی صورت میں حمزہ شہباز اس حلقہ سے مسلم لیگ ن کے کورنگ امیدوار ہوں گے ۔ میاں نواز شریف کے این اے 123 کے لئے تین کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں ، حمزہ شہباز نے صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی پی 151 اور پی پی 154 سے بھی ضمنی الیکشن لڑنے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں ۔ میاں نواز شریف کی سیشن کورٹ آمد پر انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے وہ شام پانچ بجکر 40 منٹ پر سیشن کورٹ پہنچے اس موقع پر حمزہ شہباز بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ سینکڑوں مسلم لیگی کارکن سیشن کورٹ کے باہر موجود تھے ۔ میاں نواز شریف سیشن کورٹ پہنچے تو کارکنوں نے زبردست نعرہ بازی کی اور فضا وزیر اعظم نواز شریف کے نعروں سے گونج اٹھی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے گاڑی سے اترنے کے بعد کارکنوں کے نعروں کا ہاتھ ہلاکر جواب دیا اور ریٹرننگ افسر فضل الدین کی عدالت میں چلے گئے جہاں انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے اور باہر آکر دوبارہ کارکنوں کے نعروں کا جواب دینے کے لئے چند لمحے رکے اور پھر سیشن کورٹ کے دوسرے گیٹ سے واپس چلے گئے اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے کوئی گفتگو نہیں کی ۔

No comments: