لاہور۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر و وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا مذہب اسلام لوگوں کو ان کے حقوق کی فراہمی کا درس دیتا ہے ۔ یہ اسلامی تعلیم نہیں کہ غریب کسمپرسی کی حالت میں ہوں اور امیر محلوں میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکمے ایمانداری اور لگن سے کام کریں اور عوام کے مسائل کے حل پر بھرپور توجہ دیں۔ پاکستان مسلم لیگ کی حکومت عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہے۔ اراکین اسمبلی اورمسلم لیگی کارکن اپنے حلقوں میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں اور قومی وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ماڈل ٹاؤن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلی نے صوبائی حلقہ پی پی 153 میں ترقیاتی کاموں کے لئے 5 کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔ وزیراعلی نے ہفتہ کے روز موسلادھار بارش کی وجہ سے نکاسی آب کی پیدا ہونے والی صورتحال پر واسا اور ایل ڈی اے حکام کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ آٹھ سالوں میںعوام کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدگی سے اقدامات نہیں کئے گئے اور زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں ہوا ۔ اگر متعلقہ محکمے موسم برسات شروع ہونے سے قبل تمام ضروری انتظامات کرلیتے تو عوام کو اس مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ ایسا ہوا تو ان افسران کو محکموں میں برداشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اب کام کرنے اور عوام کے مسائل حل کرنے کا وقت ہے اگر سرکاری افسران جذبے اور لگن سے کام کریں گے تو ہمارے سر کے تاج ہیں اور اگر وہ عوام کے مسائل حل کرنے پر توجہ نہیں دیں گے تو انہیں اٹھا کر باہر پھینک دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 8 سالوں میں ملک کی تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے کچھ نہیں کیا گیا۔ قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا جس سے آج ملک تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ خدا جانے سابقہ حکومت نے کہاں پیسہ لگایا ۔ اب گزشتہ آٹھ سالوں کی تباہی کا رونا رونے کی بجائے عملی طور پر کام کرنے کا وقت ہے اور ہم انشاء اللہ کام کرکے دکھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں وزیراعلی نہیں بلکہ عوام کا خادم بن کر صوبے کے عوام کی خدمت کررہا ہوں ۔ میاں محمد شہباز شریف نے لاہور میں صفائی کی ناقص صورتحال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں صفائی کے نظام کو ہر حال میں بہتر کیا جائے گا۔ مجھے گزشتہ روز بارش کے بعد شہر میں نکاسی آب کی صورتحال اور عوام کی پریشانی دیکھ کر بہت دکھ ہوا اور اس بات پر افسوس بھی ہوا کہ متعلقہ محکمے اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار نہ تھے ۔انہوں نے کہا کہ لیگی کارکن اپنے محلوں میں ڈیوٹیاں دیں اور قومی وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر مسلم لیگی کارکنوں نے اپنے حلقوں سے متعلقہ درپیش مسائل سے وزیراعلی کو آگاہ کیا۔ وزیراعلی نے چونگی امرسدھو کوٹ لکھپت کے علاقے میں سٹریٹ لائٹ کو فوری طور پر چالو کرنے اور قبرستان کے لئے جگہ کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے علاقے میں گرلز کالج کے قیام کا بھی اعلان کیا۔
International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment