International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Sunday, July 13, 2008

ایٹمی ڈیل ملک کی سلامتی کو خطرہ نہیں ۔ بھارتی اٹامک انرجی کمیشن

نئی دہلی۔ بھارت کے اٹامک انرجی کمیشن کے سربراہ انل کاکودکر کا کہنا ہے کہ جوہری معاہدے سے متعلق جوہری توانائی کے بین لااقوامی ادارے آئی اے ای اے سے سیف گارڈ ایگریمنٹ سے ملک کے سٹرٹیجک پروگرام پر منفی اثر نہیں پڑے گا۔ انل کاکودر کے مطابق جوہری معاہدے سے ملک کے مفاد کو خطرہ نہیں ہے۔ مرکزی حکومت نے ہفتہ کو کہا تھا کہ اس سمجھوتے کے مسودے میں بھارت کے مفاد کو ترجیح دی جائے گی۔ اقوام متحدہ کے ایٹمی ادارے آئی اے ای اے سے سیف گارڈ ایگریمینٹ مجوزہ ہند امریکہ جوہری معاہدے کے لیے لازمی ہے۔ واضح رہے کہ سیف گارڈ ایگریمنٹ پر پیدا ہونے والی نئی صورتحال کے پس منظر میں مرکزی حکومت نے اپنے بعض اعلی افسروں کو میدان میں اتار دیا ہے۔ ہفتہ کے روز و قومی سلامتی کے مشیر ایم کے نارائنن، خارجہ سیکریٹری شیو شنکر مینن اور ایٹامک اینرجی کمیشن کے چیئرمین انل کاکودکر اور ویانا میں آئی اے ای اے سے ہندوستان کے اہم مذاکرات کار ڈاکٹر روی گرور نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ ان افسران نے صحافیوں کو یہ سمجھانے کی کوشش کی کہ یہ معاہدہ کس طرح بھارت کے مفاد میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیف گارڈ ایگریمنٹ میں ری ایکٹروں کے لیے بلا رکاوٹ ایندھن کی فراہمی کی گارنٹی ہے۔ افسروں کے مطابق سیف گارڈ ایگریمنٹ بھارت کے حق میں ہے اور اس میں جوہری دھماکہ کرنے پر روک لگانے یا نہیں لگانے پر کوئی بحث نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کے ساتھ ہونے والے 123 معاہدے میں بھی جوہری دھماکہ کرنے کا ذکر نہیں ہے لیکن ایسی صورت میں سمجھوتے سے ہٹنے کی بات ہے۔ واضح رہے کہ ہند امریکہ جوہری معاہدے کے سوال پر حکومت سے بایاں محاذ الگ ہو چکا ہے جبکہ حزب اختلاف کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کا کہنا ہے کہ معاہدے کے بعد ہندوستان جوہری دھماکہ کرنے کا مجاز نہیں رہے گا۔

No comments: