International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Friday, March 28, 2008

ملک کے سول اداروں سے پاک فوج کے افسران کی واپسی کا عمل شروع ہو گیا

منصوبے کے تحت6 میجر جنرلز، اور 8 بریگیڈیئرز سمیت 72 افسران کو مختلف سول اداروں سے واپس بلا لیا گیا
فوجی افسران کی سول اداروں سے واپسی کا عمل شروع ہو گیا ۔ منصوبے کے تحت6 میجر جنرلز، اور 8 بریگیڈیئرز سمیت 72 افسران کو مختلف سول اداروں سے واپس بلا لیا گیا۔آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق جی ایچ کیو میں ہوئے فیصلے کے مطابق سول اداروں سے 20 مارچ تک اپنے ہاں تعینات فوجی افسران، جونیئر کمیشنڈآفیسرز اور جوانوں کی واپسی کا لائحہ عمل طلب کیا گیا تھا، تاکہ وہاں روز مرہ کے معمولات متاثر نہ ہوں۔ 20 مارچ تک ملنے والے لائحہ عمل کے تحت ابتدائی مرحلے میں 6 میجر جنرلز، اور 8 بریگیڈیئرز سمیت 72 افسران کو مختلف سول اداروں سے واپس بلا لیا گیا ہے۔ یہ افسران یکم مئی کو اپنے فوجی محکموں میں رپورٹ کردیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق46فوجی افسران کو ، جن میں جونیئر کمیشنڈ آفیسرز، نان کمیشنڈ آفیسرز اور جوان شامل ہیں،ان کے سول محکموں نے متبادل نہ ہونے کی بنا پر ریلیز نہیں کیا ہے،یہ افسران دوسرے مرحلے میں وسط اگست 2008 تک سول اداروں سے چلے جائیں گے۔آئی ایس پی آر ترجمان کے مطابق مختلف محکموں میں 32 افسران ایسے ہیں جورواں یا اگلے سال ریٹائر ہورہے ہیں، ور انہیں ان کے محکموں نے ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ ملازمت دیئے جانے کی سفارش کی ہے ۔ ترجمان کے مطابق ان محکموں سے کہا گیا ہے کہ اس کے لیے وہ وزارت دفاع کے توسط سے جی ایچ کیو سے این او سی حاصل کریں ۔ یاد رہے کہ ملک کے سول اداروں سے پاک فوج کے افسران کی واپسی کا حکم چیف آف آرمی سٹاف جنرل پرویز اشفاق کیانی نے جاری کیا تھا ،جس پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے

No comments: