International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Thursday, April 10, 2008

غیر جمہوری قوتوں کی جمہوریت کے خلاف سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد ۔وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے واضح کیا ہے کہ جمہوریت کے خلاف غیر جمہوری قوتوں کے مذموم اور ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ سیاسی رہنماوں کے ساتھ سندھ اور پنجاب میں پیش آنے والے واقعات میں ملوث عناصر کو بے نقاب کریں گے ۔ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔ عوام سے امن و امان کی اپیل کرتا ہوں ۔جمعرات کو قومی اسمبلی کے چوتھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایوان میں اپوزیشن کے بائیکاٹ اور احتجاج پر وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی طرف سے تینوں نا خوشگوار واقعات کی معذرت کرتاہوں ۔ کراچی میں قیمتی جانوں اور جائیداد و املاک کا نقصان ہوا ۔ ان واقعات پر افسوس ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام نے ہمیں اقتصادی بہتری اور ترقی و خوشحالی کے لیے مینڈیٹ دیا اس جمہوری مینڈیٹ کی توہین کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو قوتیں جمہوری قوتوں کو پنپنے نہیں دینا چاہتیں یہ واقعات ان کی سازش ہے۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم غیر جمہوری قوتوں کے مذموم اور ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیں گے ۔ انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ پی ڈی اے کی حکومت حالات کو بدلے گی۔ قومی مفاہمت کے تحت سب کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں ۔ پارلیمنٹ کی بالا دستی کو یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بدسلوکی کے واقعات میں ملوث عناصر کو بے نقاب کریں گے اور ان عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ لاہور میں ڈاکٹر شیر افگن نیازی کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کے حوالے سے پنجاب حکومت نے تین رکنی کمیٹی بنا دی ہے ۔ تمام واقعات کی مشیر داخلہ رحمان ملک ذاتی طور پر تحقیقات کی نگرانی کریں گے ۔ ملزمان کو ضرور سزا ملے گی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ تمام طبقات اور سیاسی جماعتوں سے برداشت روا داری اور قانون کی حکمرانی کی اپیل کرتا ہوں ۔

No comments: