International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Tuesday, May 6, 2008

آصف علی زرداری کے خلاف بیرون ملک قائم مالی بدعنوانی کے تمام مقدمات ختم کردئیے گئے


کراچی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف بیرون ملک قائم مالی بدعنوانی کے تمام مقدمات ختم کردئیے گئے ہیں۔سندھ ہائی کورٹ میں آصف علی زرداری کی جانب سے مختلف ممالک میں دائر احتساب ریفرنس ختم کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ جس کے بعد یہ تمام ریفرنسز قومی مفاہمتی آرڈیننس کے تحت واپس لے لیے گئے ہیں۔ خاتون جسٹس قیصر اقبال اور جسٹس محمود عالم رضوی پر مشتمل بینچ میں منگل کو اس درخواست کی سماعت کے موقع پر حکومت کی جانب سے پراسیکیوٹر جنرل قومی احتساب بیورو نے عدالت کو بتایا کہ آصف علی زرداری پر بیرون ملک قائم تمام مقدمات بھی واپس لے لیے گئے ہیں۔ انہوں نے عدالت میں سوِئزرلینڈ کی عدالت میں مقدمہ ختم ہونے کی دستاویز بھی عدالت میں پیش کی، جس پر عدالت نے ان سے لندن کی عدالت میں زیر سماعت مقدمے کے بارے میں استفسار کیا۔ پراسیکیوٹر جنرل قومی احتساب بیورو کا کہنا تھا کہ وہ مقدمہ بھی ختم کردیا گیا۔ حکومتیمؤقف کے بعد عدالت نے اس درخواست کو نمٹا دیا۔آصف علی زرداری کی پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ لندن، جنیوا اور پاکستان میں التویٰ کا شکار احتساب ریفرنس قومی مصالحتی آرڈیننس کے تحت منسوخ ہوچکے ہیں اور حکومت کو ان سے دستبردار ہونا چاہیے۔ واضح رہے کہ صدر پرویز مشرف نے قومی مفاہمتی آرڈیننس جاری کر کے کئی سیاسی رہنماؤں اور سابق فوجیوں اور افسران پر دائر بدعنوانی کے مقدمات کا خاتمہ کردیا تھا۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر اس وقت صرف دو مقدمات زیر سماعت ہیں، جن میں کنٹینر کیس کراچی اور منشیات کیس لاہور میں زیر سماعت ہے۔ کنٹینر کیس میں ان پر الزام ہے کہ انہوں نے لندن نوادرات اسمگل کرنے کی کوشش کی تھی۔


اسلام آباد ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زر دار ی نے کہا ہے کہ پرویز مشرف غیر آئینی صدر ہیں اور بہت جلد ان کی باقیات کو ختم کر دیا جائے گا ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ انہو ںنے مشیر داخلہ رحمان ملک سے رابطہ کر کے وزیر سرحد کے بیان کی صداقت کے بارے میں بوچھ گچھ کی ہے جس میں وزیر اعلیٰ سرحد نے کہا تھا کہ انتخابات رکوانے کے لئے ان سے رحمان ملک نے فون پر رابطہ کیا تھا تاہم زر داری نے کہا کہ رحمان ملک نے اس بات کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ میں نے وزیر اعلیٰ سرحد سے اس سلسلے میں کوئی فون پر رابطہ کیا ہے اور نہ ایسی کوئی بات کہی ہے انہوں نے کہا کہ بارہ مئی کو ججز کی بحالی کے بارے میں وہ پر امید ہیں صدر کے ساتھ تعلقات کے بارے میں انہو ںنے کہا کہ حکومت کی صدر سے تعلقات ہو سکتے ہیں تاہم پیپلز پارٹی کے صدر سے واضح طور پر کوئی تعلقات نہیں ہیں انہوںنے کہا کہ وہ صدر پرویز مشرف کو آئینی صدر نہیں مانتے اور صدر مشرف کی تمام باقیات کو ختم کر دیا جائے گا تعلیم کے بارے میں ایک سوال پر انہو ںنے کہا کہ تعلیم کو عام کر نے کے لئے اور اقدامات بھی کیے جائیں انہوں نے کہا کہ روٹی کی قیمت کم کر نے پر خصوصی بات چیت جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 6 روپے فی روٹی مزدور کے لئے خریدنا بہت مشکل ہے انہوں نے کہا کہ روٹی کی قیمت جلد از جلد کم کر نے پر غور کیا جا رہا ہے

No comments: