International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Tuesday, May 20, 2008

پاکستان بھارت جامع مذاکرات شروع ، پاکستان نے ٩٩ بھارتی قیدی رہاکرنے کااعلان کر دیا

اسلام آباد ۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان منگل کو جامع مذاکرات کے چوتھے دور کے سلسلے میں خارجہ سیکریٹریوں کی سطح پر بات چیت میں حکومتِ پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت 99 قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کر دیا مشیر داخلہ برائے وزیر اعظم رحمٰن ملک نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ بھارت کے وزیر خارجہ پرنب مکھرجی کی پاکستان آمد کے موقع پر جذبہ خیر سگالی کے تحت 96 بھارتی مچھیروں اور 3 سویلین قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے۔ 18 فروری کے عام انتخابات کے نتیجے میں پاکستان میں قائم ہونے والی حکومت کی بھارت کے ساتھ پہلی بار بات چیت ہورہی ہے۔ منگل کو ہونے والی بات چیت میں بھارتی وفد کی قیادت خارجہ سیکریٹری شیو شنکر مینن جبکہ پاکستانی وفد کی سربراہی سلمان بشیر نے کی خارجہ سیکریٹریوں کے درمیان جن معاملات پر اتفاق رائے ہوگا اس پر دونوں ممالک کے وزراء خارجہ بدھ کو تبادلہ خیال کے بعد اس کا اعلان کریں گے۔پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان محمد صادق کے مطابق مذاکرات کے ایجنڈے پر آٹھ نکات ہیں جن میں اعتماد سازی کے اقدامات، جموں و کشمیر، سیاچن، سر کریک، وولر بیراج، دہشت گردی اور منشیات، اقتصادی تعاون اور دوستانہ تبادلوں کا فروغ شامل ہیں۔ پاکستان کے خارجہ سیکریٹری سلمان بشیر نے حال ہی میں عہدہ سنبھالا ہے جبکہ بھارت کے خارجہ سیکریٹری شیو شنکر مینن اسلام آباد میں ہائی کمشنر بھی رہ چکے ہیں۔ بھارتی وزیر خارجہ پرنب مکھرجی منگل کے روز اسلام آباد پہنچ گئے اور ان کے پاکستان میں قیام کے دوران صدر پرویز مشرف، وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، پیپلزپارٹی کے شریک چئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جامع مذاکرات سے چند روز قبل پاکستان اور بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے مشاورت کی تھی اور انہیں یقین دلایا تھا کہ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے گا۔

No comments: