International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Monday, July 28, 2008

کراچی اسٹاک ایکس چینج کاروباری ہفتے کے ابتدائی روز شدید مندی

کے ایس ای 100 انڈیکس حصص کی قیمتوں میں 4 فیصد کمی سے گزشتہ ایک ہفتے کی کم ترین سطح پر ریکارڈآج متوقع زری پالیسی میں شرح سود میں ممکنہ اضافہ سرمایہ کاروں میں باعث تشویش ہے، ساجد بھانجیکے ایس ای 100 انڈیکس رواں سال کے آغاز سے 24.9 فیصد اور 21 اپریل کی بلند ترین سطح سے 32.8 فیصد مندی کا شکار
کراچی۔ کراچی اسٹاک ایکس چینج کاروباری ہفتے کے ابتدائی روز پیر کو حصص کی قیمتوں میں 4 فیصد کمی سے گزشتہ ایک ہفتے کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین کے مطابق کاروباری ہفتے کے ابتدائی روز ہی انڈیکس میں مندی اسٹیٹ بنک آف پاکستان کی آج(منگل)کو اعلان کی جانے والی متوقع زری پالیسی ہے جس میں شرح سود میں اعشاریہ 5 فیصد سے 1.5فیصد اضافے کا امکان ہے۔پیر کو کے ایس ای 100 انڈیکس 4.11 فیصد یا 453.68 پوائنٹس کی مندی سے 10578.49 پوائنٹس ریکارڈ ہوا اور یوں 11 ہزار پوائنٹس کی حاصل ہونیوالی سطح ایک بار پھر گرگئی۔واضح رہے کہ کے ایس ای 100 انڈیکس میں رواں سال کے آغاز سے 24.9 فیصد اور 21 اپریل کی بلند ترین سطح سے 32.8 فیصد مندی کا شکار ہوچکا ہے۔عارف حبیب لمیٹڈ میں بروکریج لیڈر ساجد بھانجی کے مطابق سرمایہ کار توقع کررہے ہیں کہ زری پالیسی میںشرح سود میں1.5 فیصد کا اضافہ ہوجائیگا جس سے ان میں کئی خدشات پائے جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ افراط زر کی گزشتہ 3دہائیوں کی بلند ترین سطح پر قابوپانے کیلئے قرین قیاس ہے کہ اسٹیٹ بنک آف پاکستان سخت مانیٹری پالیسی کا اعلان کریگا۔دوسری جانب سے آئی ایم ایف کی جانب سے بھی پاکستان کی انتظامیہ کو افراط زر کی شرح اور تجارتی و مالیاتی خسارے پر قابو پانے کی ہدایات کی گئی تھیں۔کراچی اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو مجموعی طور پر 8کروڑ30لاکھ حصص سے زائد کا کاروبار ہوا جبکہ 270سرگرم حصص میں سے 36کی قیمتوں میں اضافہ اور 229کی قیمتیں تنزلی کا شکار ہوئیں تاہم 5 کمپنیوں کے حصص بغیر کسی تبدیلی کے ریکارڈ ہوئے۔مارکیٹ میں نمایاں کمپنیوں میں بی او پنجاب 1کروڑ27لاکھ1ہزار حصص کے کاروبار کے ساتھ سرفہرست رہا جس کے حصص 1.30روپے اضافے سے 27.34روپے رہے دیگر نمایاں کمپنیوں میں عارف حبیب سیکیورٹیز کے حصص 6.87روپے کی کمی سے 130روپے78پیسے، او جی ڈی سی ایل کے حصص 5.78روپے کی کمی سے 109.97روپے، این آئی بی بنک کے حصص 1روپے کی کمی سے 10روپے، ایم سی بی بنک کے حصص 6.13روپے کی کمی سے 263روپے، زیل پاک کے حصص 32پیسے کی کمی سے 2روپے3پیسے اور مائی بنک کے حصص 40پیسے کی کمی سے 15روپے70پیسے ریکارڈ ہوئے۔

No comments: