International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Thursday, May 15, 2008
جماعت اسلامی نے باجوڑ ڈمہ ڈولہ میں امریکی حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا اعلان کر دیا
پشاور۔ جماعت اسلامی نے باجوڑ ایجنسی ڈمہ ڈولہ میں امریکی حملے کے خلاف کل پشاور سمیت صوبہ سرحد میں احتجاجی مظاہروں اور ہڑتال کا اعلان کر تے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امریکی سفیر کو فی الفور ملک سے نکالا جائے اور امریکہ کے ساتھ خارجہ پالیسی پر نظرثانی کی جائے ۔یہ اعلان گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر سراج الحق نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی صوبہ سرحد اور پاکستانی عوام کی جانب سے باجوڑ حملے کی بھر پور مذمت کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ باجوڑ پر امریکہ کا تیسرا حملہ ہے اور تیسرے حملے میں مولانا عبید اللہ کے گھر پر حملہ کر کے مسلمانوں کا قتل عام کیاگیا ۔انہوں نے کہا کہ حکمران امریکہ سے باجوڑ حملے کے خلاف احتجاج کریں اور خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ خود بلٹ پروف گاڑیوں میں سفر کرتا ہے اور ان کو سیکورٹی کی تمام تر سہولیات مہیا ہیں لیکن بے گناہ عوام کا کوئی تحفظ نہیں ہے دوسری جانب بازاروں میں آٹا دستیاب نہیں ،لوڈ شیڈنگ کا بحران ہے اور مجموعی طور پر قوم ایک عذاب میں مبتلا ہو چکی ہے ۔سراج الحق نے کہا کہ ہماری حکومت کے پاس گیارہ لاکھ فوج موجود ہے اور ایٹمی طاقت بھی ہے لیکن یہ سب ہمارے کس وقت کام آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پچھلے حملے میں 83بچے شہید ہوئے تھے جس پر میں نے اور صاحبزادہ ہارون الرشید نے استعفیٰ دیا تھا اور صاحبزادہ ہارون الرشید نے ان بے گناہ بچوں کے قتل عام کے خلاف عدالت میں کیس جمع کئے لیکن آج تک ہماری غلام عدلیہ نے جواب نہیںد یا ۔سراج الحق نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ قوم کے اندر جہاد کا جذبہ پیدا کریں کیونکہ حکمران عوام کا تحفظ نہیں کر سکتے اور عوام اپنے تحفظ کے لئے اٹھ کھڑے ہوں۔انہوں نے کہا کہ باجوڑ پر امریکہ کا حملہ اسلام آباد پر حملہ تصور کیا جائے گا اور حکمرانوں کو بحرانوں سے نکلنے کے لئے ایک واضح لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے اور اگر حکمرانوں کے پاس مسائل کا حل نہیں تو وہ مستعفی ہو جائیں ۔اس موقع پر سراج الحق کے ساتھ پاٹا جماعت اسلامی کے نائب امیر اور باجوڑ ایجنسی کے سابق ایم این اے ہارون الرشید اور پشاور سے سابق ایم این اے صابر حسین اعوان بھی موجود تھے ۔اس موقع پر صحافیوں کی جانب سے سراج الحق کے والد کی تعزیت کے لئے دعا کی گئی اور بعد ازاں سراج الحق نے گزشتہ روز ڈمہ ڈولہ میں امریکی حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی ۔
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment