International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Monday, June 2, 2008

کاروباری ہفتے کے ابتدائی روز ملک کی تینوں اسٹاک مارکیٹوں میں انڈیکس مثبت رہے

کراچی+اسلام آباد+لاہور۔ کاروباری ہفتے کے ابتدائی روز ملک کی تینوں اسٹاک مارکیٹوں میں انڈیکس مثبت رہے اور اسلام آباد میں ڈنمارک سفارت خانے کے باہر ہونیوالے بم دھماکے کے بھی کوئی منفی اثرات مرتب نہیں ہوئے۔کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری حجم کم رہا تاہم حصص کی قیمتیں جمعہ کے مقابلے میں زیادہ رہیں اور بعض موقع پرستوں کی جانب سے کم قیمت خریدے جانے والے حصص کی فروخت کی گئی۔اسلام اسٹاک ایکسچینج میں آئی ایس ای 10انڈیکس میں 56.89پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 2850.78پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ لاہور اسٹاک ایکسچینج میں بھی ایل ایس ای 25انڈیکس میں 66.71پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 3893.57پوائنٹس پر بند ہوا۔کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بھی ملک کی دونوں اسٹاک مارکیٹ کی طرز پر کاروباری ہفتے کا آغاز مثبت ہوا اور انڈیکس میں ہفتوں سے جاری تنزلی میں بہتری ہوئی۔کے ایس ای 100انڈیکس150.69پوائنٹس کے اضافے سے 12281.20پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری سرگرمیاں 332کمپنیوں تک محدود رہیں جن میں سے 217کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ اور 95کمپنیوںکے حصص کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 20کمپنیوں کے حصص مستحکم رہے۔اسلام آباد میں ڈنمارک کے سفارت خانے کے باہر ہونے والے بم حملے کا کراچی میں مارکیٹ سرگرمیوں پر کوئی منفی اثر مرتب نہیں ہوسکا حملے میں 8افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوئے تھے۔ایم ڈی اسماعیل اقبال سیکیورٹیز اسد اقبال کے مطابق مارکیٹ میں انڈیکس میں اضافہ ہوا ہے تاہم کاروباری حجم کم رہنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال نہیں ہوا اور سرمایہ کاری سے گریز کیا جارہا ہے۔پیر کو کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری حجم 9کروڑ20لاکھ حصص رہا جو جمعہ کو 17کروڑ61لاکھ حصص سے زائد تھا دوسری جانب سے کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای 30انڈیکس میں بھی 1.58فیصد ترقی ہوئی اور انڈیکس 14321.13پوائنٹس پر منتج ہوا۔ڈیلرز کے مطابق صدر پرویز مشرف اور اتحادی حکومت کے درمیان تناؤکی کیفیت سے اسٹاک مارکیٹوں پر دباؤ میں اضافہ ہوا ہے تاہم یہ سرمایہ کاروں کے لئے قیمتی موقع ہے کہ حصص کی گری ہوئی قیمتوں میں قلیل المدتی سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھائیں۔پیر کو کراچی اسٹاک مارکیٹ میں فعال ترین کمپنیوں میں عارف حبیب سیکیورٹیز کے حصص5فیصد اضافے سے 160روپے75پیسے پر بند ہوئے دیگر نمایاں کمپنیوں میں این آئی بی بنک کے حصص 0.8فیصد اضافے سے 12روپے40پیسے جبکہ نیشنل بنک آف پاکستان کے حصص 5فیصد اضافے سے 165روپے79پیسے پر بند ہوئے۔

No comments: