International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Tuesday, March 25, 2008

وزیر خارجہ قریشی، وزیر خزانہ ڈار






شاہ محمود قریشی پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر رہے ہیں
پاکستان میں رواں ہفتے تشکیل پانے والی حکومت میں پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی وزارتِ خارجہ اور پاکستان مسلم لیگ کے اسحاق ڈار وزارتِ خزانہ کا قلمدان سنبھالیں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی زیر قیادت تشکیل پانے والی مخلوط حکومت کے قریبی ذرائع کے مطابق اب تک پانچ اہم وزراتوں پر اتفاق رائے ہو گیا ہے جبکہ دیگر وزارتوں کی تقسیم پر ابھی حتمی مشاورت باقی ہے۔
جن پانچ وزارتوں پر اتفاق ہوا ہے ان میں وزارت خارجہ اور خزانہ کے علاوہ داخلہ، اطلاعات اور پارلیمانی امور شامل ہیں۔
وزراتِ اطلاعات و نشریات کی باگ ڈور شیری رحمان اور وزارتِ پارلیمانی امور کی ذمہ داریاں سید خورشید شاہ سنبھالیں گے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے سابق سربراہ رحمان ملک کو نئی کابینہ میں وزارتِ داخلہ کا مشیر مقرر کیا جائے گا۔
توقع ہے کہ وزارتِ قانون فاروق ایچ نائک کو ملے گی۔ لیکن پیٹرولیم، دفاع، صحت، تعلیم اور پانی و بجلی سمیت بعض وزارتوں کے لیے معاملات آئندہ چوبیس گھنٹوں میں طے ہوجائیں گے۔
اطلاعات کے مطابق پیٹرولیم اور صحت کی وزارت مسلم لیگ (ن) مانگ رہی ہے جبکہ پانی و بجلی عوامی نیشنل پارٹی مانگ رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن وزارت مذہبی امور اور قومی اسمبلی کی خارجہ کمیٹی کی چیئرمین شپ مانگ رہے ہیں۔ اس بارے میں ابھی حتمی مشاورت باقی ہے۔
پیپلز پارٹی کے اعلیٰ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کی تشکیل تین سے چار مرحلوں میں مکمل ہوگی اور پہلے مرحلے میں درجن بھر کے قریب وزیر حلف اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ حکومت سازی اور کابینہ کو حتمی شکل دینے کے بارے میں بات چیت کے وقت جو فارمولہ طے پایا تھا اس میں پیپلز پارٹی کے میاں رضا ربانی نے بتایا تھا کہ چھ قومی اسمبلی کی سیٹوں پر ایک وزارت دی جائے گی۔

No comments: