International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Wednesday, April 2, 2008

سرحد کابینہ کی حلف برداری







سینئر وزیر بشیر بلور اور دیگر وزراء حلف اٹھاتے ہوئے
سرحد کابینہ کے پہلے مرحلے میں حکمران اتحاد عوامی نیشنل پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی سےتعلق رکھنے والے اکیس وزراء نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا ہے۔
حلف لینے والوں میں ایک خاتون وزیر بھی شامل ہیں۔
حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی اورگورنر سرحد اویس احمد غنی نے نومنتخب وزراء سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ اس تقریب میں صوبہ سرحد کے نو منتخب وزیراعلٰی امیر حیدر خان ہوتی کے علاوہ وفاقی وزراء ، منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور اعلٰی سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔
سرحد کی اکیس رکنی کابینہ میں اکثریتی جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے بارہ جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نو وزراء شامل ہیں۔
حلف اٹھانے والے وزراء میں اے این پی کے بشیر بلور جبکہ پیپلز پارٹی کے رحیم داد خان کو سینئر وزیر کا عہدہ دیا گیا ہے۔
حلف اٹھانے والے وزراء کے محکموں کا بھی اعلان کردیا گیا ہے جن کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے بشیر احمد بلور بلدیات، سید عاقل شاہ کھیل و سیاحت، ارباب ایوب جان زراعت، میاں افتخار حسین تعلیم، سردار حسین بابک اطلاعات ، بیرسٹر ارشد عبداللہ قانون و پارلیمانی امور، زرشید خان زکوٰۃ و عشر، نمروز خان خیل اوقاف و حج، واجد علی خان جنگلات و جنگلی حیات، محمد ایوب شاڑی سائنس و ٹیکنالوجی، اے این پی میں شامل ہونے والے کرک سے رکن اسمبلی میاں نثارگل جیل خانہ جات اور صوابی سے خاتون رکن اسمبلی ستارہ ایاز کو سوشل ویلفئیر کا قلمدان دیا گیا ہے۔
اے این پی کی ستارہ ایاز کابینہ میں شامل واحد خاتون وزیر ہیں
پیپلز پارٹی کے وزراء میں رحیم داد خان کو سینئر وزیر اور پی این ڈی کا محکمہ دیا گیا ہے جبکہ ہمایون خان آبپاشی اور خزانہ، محمود زیب خان محصولات، سید ظاہر شاہ صحت، جعفر شاہ ایکسائز و ٹیکسیشن، شیر اعظم محنت و افرادی قوت، سلیم خان بہبود آبادی، سید احمد شاہ صنعت اور شجاع خان کو خوراک کا قلمدان دیا گیا ہے۔
سرحد میں حکومت سازی کے فارمولے کے مطابق اتحاد میں شامل جماعت مسلم لیگ (ن) کو دو وزارتیں دی گئیں تھیں تاہم بدھ کو ان کے کسی وزیر نے حلف نہیں اٹھایا۔
گزشتہ روز پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر پیر صابر شاہ نے صوبائی کابینہ میں تین وزارتوں کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں جو محکمے دیے جا رہے ہیں ان کی کوئی خاص اہمیت نہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کابینہ سے باہر رہ کر بھی حکومت کی حمایت جاری رکھی گی۔

No comments: