International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Wednesday, May 21, 2008

پیپلز پارٹی کی حکومت معزول ججوں کی بحالی کے لیے پر عزم ہے ‘ یوسف رضا گیلانی


وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ ان کی حکومت معاشی استحکام کے لیے سخت کام کر رہی ہے آئندہ بجٹ عوام دوست ہو گا جس میں غریب عوام کو ریلیف پیکج فراہم کیا جائے گا ۔ امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے توانائی ، تعلیم اور سماجی شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کے لیے تیار ہے ۔ اردن سول جوہری توانائی میں پاکستان سے مدد حاصل کرنے کا خواہاں ہے ۔ سعودی عرب پاکستان میں زرعی شعبہ میں فوری سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے مصر کے تفریحی مقام شرم الشیخ میں عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر اپنے خصوصی طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم سید یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت معزول ججوںکی بحالی کے لیے پر عزم ہے اور آئینی ماہرین اس سلسلے میں طریقہ کار سے متعلق تفصیلات پر کام کر رہے ہیں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اور پیپلز پارٹی کے شریک چےئرمین آصف علی زرداری جلد ملاقات کر کے ملک میں سیاسی پیشرفت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر دنیا کے کاروباری اور اقتصادی رہنماوں نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سعودی عرب پاکستان میں زرعی شعبہ میں فوری سرمایہ کاری کی دلچسپی رکھتاہے اور دونوں ملکوں کے وزراء جلد ملاقات کر کے تفصیلات کو حتمی شکل دے دیں گے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ اردن نے سول جوہری توانائی کے شعبے میں پاکستان سے مدد حاصل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیاہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ مصر کے صدر نے ملاقات کے دوران رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ صدر جارج ڈبلیو بش سے ملاقات کے دوران خوراک کے عالمی بحران ،پاکستان میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات ،دفاعی تعاون اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے دہشت گردی پر نظر رکھنے کے لئے سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان گہرے تعاون کی ضرورت پر زور دیا ۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ امریکی صدر نے توانائی ،تعلیم اور سماجی شعبوں کی ترقی میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ ایک سوال کے جواب پر وزیر اعظم نے کہا کہ امریکی صدر سے ملاقات کے دوران بش نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کے لئے تیار ہے ۔انہوں نے صدر بش سے کہا کہ امریکہ کومسئلہ کشمیر سمیت فلسطین کے تنازعے کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر کے اہم مسئلہ کے حل تک پاکستان اور بھارت دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان قریبی تعلقات قائم نہیں ہو سکتے ۔وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ ان کی حکومت ملکی معاشی استحکام کے لئے سخت کام کررہی ہے اور آئندہ بجٹ عوام دوست بجٹ ہو گا جس میں غریب عوام کو ریلیف پیکج فراہم کیا جائے گا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ اشیائے خورد نوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر عوام کو کیسے ریلیف فراہم کیا جائے

No comments: