International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Monday, May 12, 2008

ججز کو بحال نہ کیا اور امریکہ کی حمایت کی تو پیپلز پارٹی کا حشر بھی مسلم لیگ(ق) جیسا ہو گا ۔ ۔ ۔ قاضی حسین احمد



اسلام آباد۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ قاضی حسین احمد نے پاکستان پیپلز پارٹی کو خبر دار کیا ہے کہ اس نے ججز کو بحال نہ کیا اور امریکہ کی حمایت کی تو اس کا حشر بھی مسلم لیگ(ق) جیسا ہو گا ۔ سانحہ بارہ مئی میں امریکہ کی بنائی ہوئی فاشٹ تنظیم ایم کیو ایم ملوث ہے پرویز مشرف کو اقتدار سے ہٹا کر قومی ہیرو ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ملک کا صدر بنایا جائے ۔ قوم ایم کیو ایم (ق)لیگ اور پیپلز پارٹی کے اکٹھ کو مسترد کر دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد میں سانحہ بارہ مئی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مظاہرے کے دوران بارش کے باوجود مظاہرین اپنی جگہ پر کھڑے رہے ۔قاضی حسین احمد نے کہا کہ ایم کیو ایم نے 2004ء میں کراچی میں 13افراد کو قتل کیا۔ 12مئی 2007ء کو 50افراد کو نشانہ بنایا گیا ۔ 9مارچ 2008ء کو وکلاء کو زندہ جلا دیا گیا ۔ انتخابات میں ایم کیو ایم کو عوامی مینڈیٹ نہیں ملا بلکہ یہ امریکہ کی بنائی ہوئی جماعت ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کس بنیاد پر اس فاشٹ تنظیم سے مفاہمت کر رہی ہے۔ برطانیہ میں پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی کانفرنس میں ایم کیو ایم کو فاشٹ غنڈہ گرد تنظیم قرار دیا گیاتھا اعلامیہ پر پیپلز پارٹی کے دستخط بھی موجود ہیں ۔ پیپلز پارٹی کیوں اپنے وعدے سے رو گردانی کر رہی ہے۔قاضی حسین احمد نے کہاکہ جب تک پاکستان میں امریکی مداخلت جاری رہے گی پاکستان کو آزادی نہیں مل سکتی ہماری پالیسیاں جب تک امریکہ میں بنتی رہیں گی مسائل حل نہیں ہوں گے- قاضی حسین احمد نے کہاکہ جامعہ حفصہ ، لال مسجد میں امریکی ایماء پر معصوم اور بے گناہ افراد کو نشانہ بنایا گیا لاپتہ افراد کی فہرست میں اضافہ ہو رہاہے ۔ ہم نے ہر صورت ملک کو امریکی غلامی سے نجات دلانا ہے اس کا پختہ عزم کر رکھاہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی امریکی ایجنوں کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ججز کی بحالی اور پرویز مشرف کی رخصتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا پاکستان پیپلز پارٹی کو خبر دار کرتے ہیں کہ ججز کو بحال نہیں کیاگیا تواس کا حشر بھی مسلم لیگ (ق) جیسا ہو گا۔ امریکہ نے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے پوری قوم نے ججز کی بحالی کیلئے قربانیاں دی ہیں ان کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔ پورے ملک میں ایک بار پھر گو مشرف گو کے نعرے لگ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ججز کی بحالی کیلئے ایوانوں کے باہر بھرپور جدوجہد کا آغاز ہو گا۔ امریکہ کی حمایت کرنے پر پاکستان پیپلزپارٹی کو عوام مستر د کردیں گے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی خو د کو پرویز مشرف کی صف میں شامل نہ کرے ۔ پی پی پی ‘ مسلم لیگ(ق) ‘ ایم کیو ایم اور دسری جماعتوں کے مشرف کی ایما پر اکٹھ کو عوام تسلیم نہیں کریں گے امریکہ کے ایجنٹوں کے خلاف پوری قوم میدان میں نکلے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ججز کی بحالی سے راہ فرار اختیار کرلی ہے یہ جمہوری قوتوں کی ترجمان نہیں ہو گی ۔ چودہ مئی کو اے پی ڈی ایم کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ وکلاء ‘ سول سوسائٹی ‘ سیاسی قوتیں مل کر تحریک چلائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ امریکی ایماء پر ہماری ایجنسیاں لوگوں کو غائب کر رہی ہیں لاپتہ افراد کی ذمہ دار ملکی ایجنسیاں ہیں امریکہ جس کی نشاندہی کردے ہماری ایجنسیاں انہیں اٹھا کر تفتیش کیلئے امریکہ کے حوالے کر دیتی ہیں ۔ ججز کی بحالی کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے کسی صورت امریکی بالا دستی کو تسلیم نہیں کریں گے انہوں نے کہاکہ امریکہ نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر دہشت گردی پھیلا رہا ہے ۔ امریکی حکمران سب سے بڑے دہشت گرد ہیں ۔ عراق ، افغانستان میں معصوم عوام کا خون بہایا جارہا ہے امریکہ مقبوضہ کشمیر میں مظلوموں کے خلاف دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہا ہے ہم مظلوم عوام کے ساتھ ہیں انہوں نے کہاکہ بارہ مئی کو کراچی میں قتل عام کیاگیا ایم کیو ایم اس خونریزی میں ملوث ہے۔ ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے حوالے سے قاضی حسین احمد نے کہاکہ اس ایشو کے حوالے سے امریکی دباؤ کو قبول کیاگیا انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو نہ صرف آزاد اور رہاکیاجائے بلکہ پرویز مشرف کو اقتدار سے ہٹا کر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پاکستان کا صدر بنایا جائے ۔

No comments: