International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Monday, May 12, 2008

حکومت صحافیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا کوئی منصوبہ نہیں بنا رہی اس حوالے سے اطلاعات بے بنیاد ہیں۔آصف علی زرداری


لندن ۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نجی ٹیلی ویژن کے خلاف توہین عدالت کی آئندہ سماعت میں ان کی پارٹی صحافیوں کا بھرپور ساتھ دے گی ۔ نجی ٹی وی چینل کے ساتھ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے صحافیوں کے خلاف ان کے ساتھ منسوب کئے گئے ممکنہ اقدامات کے حوالے سے چھپنے اور نشر ہونے والی خبروں کی تردید کی اور کہا کہ حکومت صحافیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا کوئی منصوبہ نہیں بنا رہی اور اس حوالے سے آنے والی خبریں محض قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں انہوں نے واضح طور پر کہا کہ دوبئی حکومت کو نجی ٹی وی کی نشریات بند کرنے کے لئے نہیں کہا ۔ نجی ٹی وی کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 22 مئی کو نجی ٹی وی کے خلاف توہین عدالت کے کیس کی سماعت میں پیپلزپارٹی صحافیوں کا ساتھ دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سینیٹر بابر اعوان کو صحافیوں کی جانب سے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان واپس آ کر میڈیا کے ساتھ تمام غلط فہمیاں دور کر دی جائیں گی ۔ مشیر داخلہ رحمان ملک کی جانب سے مختلف صحافیوں کو سنگین نتائج کی دھمکیوں کے حوالے سے آصف علی زرداری نے کہا کہ وطن واپسی پر وہ اس کا نوٹس لیں گے اور اگر رحمان ملک نے کوئی ایسی بات کی ہے تو بھرپور ایکشن لیاجائے گا ۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ نجی ٹی وی کی انگلش سروس کو لائنس نہ ملنے کے عمل میں ان کا کوئی عمل دخل نہیں بلکہ یہ پیمرا کا معاملہ ہے انہوں نے کہا کہ ایک دو روز میں وطن واپسی کے بعد میڈیا کے ساتھ تمام غلط فہمیاں دور کی جائیں گی

No comments: