International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Saturday, May 31, 2008

نوازشریف کا صدر کے مواخذے کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا، جب پارلیمنٹ میں مطلوبہ اکثریت ہوگی تو مواخذے کی تحریک پر پیش رفت کریں گے۔ سید یوسف رضا گیلانی



لاہور۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم نے میاں نوازشریف کا صدر کا مواخذہ کرنے کا مطالبہ قبول نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری جدوجہد ملک سے آمریت کا خاتمہ، عدلیہ کی بحالی اور پارلیمان کو سپریم بنانا ہے۔ جب بھی ہمارے پاس قومی اسمبلی اور سینٹ میں مطلوبہ اکثریت ہوگی اس وقت آئینی اور جمہوری طریقے سے جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف مواخذے کی تحریک پر پیش رفت کریں گے اور اس بارے میں کوئی سولو فلائٹ نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایئرپورٹ پر ان کا استقبال گورنر پنجاب سلمان تاثیر، پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن، مسلم لیگ (ن) کے صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن ودیگر نے کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے پارلیمنٹ کو سپریم بنانا ہے تاکہ ججز کی بحالی اور صدر کے مواخذے سمیت تمام فیصلے پارلیمنٹ میں کئے جاسکیں۔ پارلیمنٹ کو سپریم بنانے کیلئے چاروں اتحادی جماعتوں سے مشورے کررہے ہیں اور کوئی فیصلہ اکیلے نہیں کریں گے۔ کالا باغ ڈیم کے منصوبے کو ختم کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ گذشتہ ساٹھ سالوں میں کوئی بھی حکومت کالا باغ ڈیم تعمیر نہیں کرسکی اس لئے ہم بھی قوم سے کوئی ایسا وعدہ نہیں کریں گے جسے پورا نہ کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ کالا باغ ڈیم کا منصوبہ چاروں صوبوں کے اتفاق رائے سے ہی شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے چھوٹے ڈیم تعمیر کرنے کے منصوبوں پر جلد عملدرآمد کا آغاز کیا جائے گا۔ بلوچستان کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں احساس محرومی ہے، ہم مذاکرات کے ذریعے اس کا یہ احساس ختم کرنا چاہتے ہیں۔ بہت جلد پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بلوچستان جائیں گے جہاں وہ بلوچستان کے لیڈروں کی آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے جس میں ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی جائے گی۔ ہم پہلے ہی بلوچستان میں فوج کے آپریشن کو ختم کرچکے ہیں۔

No comments: