International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Saturday, May 31, 2008

سابق فوجی جرنیلوں کا ججز کی بحالی کیلئے وکلاء کے لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان

صدر مشرف10 سے پہلے مستعفی ہو جائیں ‘ انہیں محفوظ راستہ دے کر غیر آئینی اقدامات پر ٹرائل کیا جائےمشرف کے استعفی کے بعد بھی ججز بحال نہ ہوئے تو ہم تحریک کا حصہ رہیں گےایکس سروس مین کے غیر معمولی اجلاس میں فیصلہ ‘ اجلاس میں سٹیل ملز کے سابق چیئرمین جنرل(ر) عبدالقیوم بھی شریک ہوئے
راولپنڈی ۔ سابق فوجی جرنیلوں کی تنظیم ایکس سروس مین سوسائٹی نے ججز کی بحالی کے لیے وکلاء کے لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے صدر پرویز مشرف سے 10 جون سے پہلے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ پرویز مشرف کو محفوظ راستہ نہ دیا جائے اور آرٹیکل 6 کے تحت غیر آئینی اقدامات کے حوالے سے اس کا ٹرائل کیا جائے ۔ ایکس سروس مین سوسائٹی کا غیر معمولی اجلاس ہفتہ کو راولپنڈی میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں کراچی سٹیل ملز کے سابق چیئرمین جنرل(ر) عبدالقیوم ‘ جنرل(ر) حمید گل ‘ جنرل(ر) جمشید گلزار کیانی ‘ جنرل(ر) ہدایت اللہ ‘جنرل(ر) اکرام اللہ ‘ جنرل(ر) صلاح الدین ترمذی ‘ جنرل(ر) متین ‘ جنرل (ر) ارشد ‘ بریگیڈیئر (ر) فہد نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ججز کی بحالی کے حوالے سے وکلاء کے لانگ مارچ کے بارے میں لائحہ عمل طے کیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریٹائرڈ فوجی افسران و اہلکار لانگ مارچ کا حصہ بنیں گے ۔ بھرپور طریقے سے اس میں شرکت کی جائے گی ۔ اجلاس کے بعد جنرل(ر) عبدالقیوم نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایکس سروس مین سوسائٹی نے پرویز مشر ف کے استعفی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ نئے صدر کا انتخاب ہو سکے انہوں نے کہا کہ وکلاء کے لانگ مارچ کے حوالے سے ہم نے ایک لائحہ عمل طے کرلیا ہے ۔ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں پرویز مشرف کو مستعفی ہونے کے لیے 10 جون تک کا ٹائم فریم دیا گیا ہے ۔ غیر آئینی اقدامات کے حوالے سے جنرل (ر) پرویز مشرف کا ٹرائل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے استعفی کے بعد بھی ججز بحال نہ ہوئے تو ہم تحریک کا حصہ رہیں گے۔ججز کی 2 نومبر 2007 کی پوزیشن پر بحالی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔ ریٹائرڈ فوجی افسران و اہلکار ایک پلیت فارم سے منظم ہو کر تحریک کا حصہ بنیں گے۔ پرویز مشرف صدارت کا عہدہ چھوڑ دیں تاکہ عوام نئے صدر کا انتخاب کرسکیں ۔

No comments: