ریاض ۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ اگر منتخب وزیراعظم کو ایک آمر ہتھکڑی لگا کر گرفتار کر سکتا ہے تو قوم پر مسلط ایک قاتل آمرکو ہتھکڑی کیوں نہیں لگ سکتی جس کے ہاتھ جامعہ حفصہ کی معصوم بچیوں کے خون سے رنگے ہوں اور جس نے آئین کو روند کرجمہوریت اورعدالت عظمیٰ کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہو۔ آج اگر پرویز مشرف کو کٹہرے میں نہ لایا گیا تو کل کو کوئی دوسرا طالع آزما آسکتا ہے۔ وہ ریاض میں مرکزی جمعیت اہل حدیث سعودی عرب کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ جس سے مرکزی ناظم اعلیٰ حافظ عبدالکریم اور سعودی عرب کے امیر مولانا عبدالمالک مجاہد نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر ساجد میر نے کہاکہ پرویز مشرف نے عالم اسلام میں پاکستان کی نظریاتی ساکھ کو بہت نقصان پہنچایا ہے‘ روشن خیالی کے نام پر دینی اقدار کو تباہ کیا‘ دینی مدارس اور علماء کی تضحیک کی‘ مساجد کو شہید کیا۔ پاک فوج اوردیگر قومی اداروں میں دین پسند افسران کو چن چن کر کنارے لگایا‘ ان کی تنزلیاں کیں۔ مشرف کا 9 سالہ دور سیاہ ترین رہا۔ اگر اب بھی اسے محفوظ راستہ دینے کی کوشش کی گئی تو یہ ملک و قوم کے ساتھ غداری ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ مشرف کو بچانے کی کوشش کر کے سولہ کروڑ عوام کی رائے کی نفی کر رہا ہے اور ایک لحاظ سے وہ جمہوریت کی بجائے ایک آمرکو بچا کر جمہوریت دشمنی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ مگرتمام ملکی و غیر ملکی سازشوں کے باوجود مشرف کو یہ نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہئے اس کا جانا ٹھہر گیا ہے۔ انہوں نے خادم حرمین شریفین کی عالم اسلام کیلئے خدمات خصوصاً پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات اور ہر موقع پر دوستی کا حق ادا کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور اس امرپر زو ر دیا کہ عالم اسلام امریکہ کی دہشت گردی کے نام پر جاری پالیسی میں تبدیلی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ عراق‘ افغانستان اور پاکستان میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت کو روکا جائے۔
International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment