اختلافی فیصلہ کے بعد ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ مؤثر ہوگیا اب میاں برادران الیکشن لڑ سکتے ہیںچیف الیکشن کمشنر کو اپیلوں پر فیصلہ کرنے کا کوئی حق نہیں آج آخری دن تھاالیکشن کمشنر مزید الیکشن ٹربیونل تشکیل دے سکتے ہیں۔ اشتر اوصاف علی خان
لاہور۔ الیکشن ٹربیونل نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف اور صدر میاں شہبازشریف کے خلاف دائر اپیلوں پر اختلافی فیصلہ سنانے کے بعد اپیلیں چیف الیکشن کمشنر کو بھجوادیں۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن ٹربیونل نے ضمنی الیکشن لڑنے سے متعلق میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف کے خلاف اعتراضات کی سماعت جمعہ کے روز مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جس کے بعد آج ہفتہ کے روز 12بجے دو رکنی بینچ نے اپنا فیصلہ سنایا۔ ٹربیونل کے رکن جسٹس حافظ طارق نسیم نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ اعتراضات کے حوالے سے پیش کی جانے والی دستاویزات اور شہادتوں میں کوئی ایسی چیز نہیں ہے جن کی بنیاد پر میاں نوازشریف یا میاں شہباز شریف کو نااہل قرار دیا جاسکے۔ دونوں الیکشن لڑنے کے مکمل طور پر اہل ہیں۔ جبکہ ٹربیونل کے دوسرے رکن جسٹس اکرم قریشی نے اپیلوں کو منظور کرتے ہوئے میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف دونوں کو الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار دیدیا جس کے بعد اپیلیں چیف الیکشن کمشنر کو بھجوادی گئیں۔ فیصلہ سننے کے بعد میاں برادران کے وکیل اشتر اوصاف علی خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جج صاحبان نے دائر کی گئی اپیلوں کا جائزہ لینے کے بعد جو سپلٹ فیصلہ دیا ہے اس کے بعد ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ مؤثر ہوگیا ہے اور میاں نوازشریف وشہبازشریف دونوں الیکشن لڑنے کے مکمل طور پر اہل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کو ان اپیلوں پر فیصلہ کرنے کا کوئی حق نہیں، آج آخری دن تھا چیف الیکشن کمشنر کوئی مزید الیکشن ٹربیونل بھی نہیں بناسکتے۔ انہوں نے کہاکہ جن لوگوں نے میاں نوازشریف وشہبازشریف کے خلاف اپیلیں دائر کیں ان کا متعلقہ حلقوں سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ اس موقع پر میاں نوازشریف کے دوسرے وکیل نصیر احمد بھٹہ نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ اگر چہ واضح نہیں ہے لیکن اس کے باوجود جب ایسا اختلافی فیصلہ آجائے تو ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ خود بخود مؤثر ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن ٹربیونل چیف الیکشن کمشنر کو اپیلیں واپس نہیں بھیج سکتا لہذا اب میاں نوازشریف اور شہبازشریف دونوں الیکشن لڑ سکتے ہیں۔ فیصلہ کے بعد لاہور ہائی کورٹ کے احاطہ میں موجود مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے میاں نوازشریف کے حق میں اور جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی۔ میاں نوازشریف کے وکلاء اس اعلان کے بعد کہ میاں برادران الیکشن لڑنے کے اہل ہوگئے ہیں کارکنوں نے جشن منایا اور مٹھائی بھی تقسیم کی۔
International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment