International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Saturday, May 10, 2008

امریکہ کا ججز کی بحالی کے ایشو پر پاکستان کے حکمران اتحاد سے بات چیت کا فیصلہ



اسلام آباد۔ پاکستان میں ججز کی بحالی کے ایشو میں امریکہ کی براہ راست مداخلت کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس ضمن امریکی نائب وزیر خارجہ رچرڈ باؤچر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری سے ملاقات کے لیے لندن پہنچ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے اعلیٰ عہدیدار بھی اس معاملے پر امریکی ایما پر نواز شریف پر اپنے موقف میں لچک پیدا کرنے کا دباؤ ڈال رہے ہیں۔ میاں محمد نواز شریف نے ججز کی بحالی کے معاملے پر امریکی دباؤ کو قبول نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ حکمران اتحاد کی دونوں بڑی جماعتوں کے قائدین سے ججز کی بحالی کے ایشو پر بات چیت کے لیے اتوار کو لندن پہنچ رہے ہیں ۔ اسی ملاقات کے پیش نظر نواز شریف نے لندن میں اپنے قیام میں ایک دن کی توسیع کی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ججز کی بحالی کے معاملے پر نواز شریف نے کسی صورت اپنے موقف پر سمجھوتہ اور کسی بھی بیرونی دباؤ کو قبول نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ معاملات طے نہ ہونے کی صورت میں نواز شریف نے متبادل حکمت عملی طے کر لی ہے جس کا اعلان کل( پیر کو) اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیا جائے گا سعودی عرب کے اعلی حکام کی جانب سے بھی امریکی ایما پر نواز شریف کو اپنے موقف میں لچک پیدا کرنے کا دباؤ ڈالا جا رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) نے ججز کی بحالی کے ایشو پر کمزوری نہ دکھانے اور بیرونی دباؤ قبول کرنے کا دو ٹوک فیصلہ کر لیا ہے ۔ پاکستان کے اس اہم قومی ایشو کے حوالے سے امریکہ کی براہ راست مداخلت پر سفارتی اور سیاسی حلقوں میں ناپسندیدگی کا اظہار کیا جارہا ہے ۔

No comments: