International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Saturday, May 17, 2008

داؤد ابراہیم کو بھارت کے حوالے کرنے سے متعلق یوسف رضاگیلانی کابیان خوش آئند ہے ، ایڈوانی

حیدر آباد ۔ بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما لال کرشن اڈوانی نے پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اگر بھارت انڈرولڈ ڈان داؤد ابراہیم کے قصوروار ہونے سے متعلق ثبوت پیش کردے تو پاکستان انہیں بھارت کے حوالے کر دیگا۔حیدرآباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لال کرشن اڈوانی نے کہا کہ پہلے تو میں اس بیان سے اس لیے خوش ہوں کیوں کہ پہلی مرتبہ اس بات کو سرکاری طور پر تسلیم کیا گیا ہے کہ داؤد ابراہیم پاکستان میں ہے۔اڈوانی کرناٹک میں جاری اسمبلی انتخابات میں انتخابی مہم میں شرکت کرنے جا رہے ہیں اور کچھ دیر کے لیے وہ حیدرآباد میں رکے تھے۔اڈوانی نے مزید کہا کہ پاکستان کی حکومت کے پاس داؤد ابراہیم کو بھارت کے حوالے کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کرنے کے لیے باقائدہ وجوہات ہیں۔ بھارت کو داؤد ابراہیم کی 1993 کے ممبئی بم دھماکوں کے سلسلے میں مطلوب ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک قصور وار ہونے کا سوال ہے تو وہ تو عدالت میں ثابت ہو گا لیکن اگر بات کریں داؤد ابراہیم کی تو انٹرپول اسے مفرور قرار دے چکا ہے امریکہ نے اسے بین الاقوامی دہشتگرد قرار دیا ہے اور بھارت کی عدالت جس نے کئی ملزمان کو ان دھماکوں کے سلسلے میں سزائیں سنائی ہیں نے اسے مفرور قرار دیا ہے یہ تمام ثبوت پاکستان کے لیے اسے بھارت کے حوالے کرنے کے لیے کافی ہونے چاہیے۔جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا جے پور میں ہونے والے حالیہ دھماکوں اور گزشتہ دنوں کنٹرول لائن پر پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے اثرات دونوں ملکوں کے تعلقات پر پڑیں گے تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں لگتا کہ دنوں ممالک کے تعلقات خراب ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف حکومت کو یہ طے کرنا چاہیے کہ کچھ بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایک بار اگر بھارت کی حکومت یہ سوچ لے تو اس کے نتیجے میں پڑوسی ممالک سے ہمارے تعلقات بہتر ہوں گے۔

No comments: