International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Saturday, April 19, 2008

امریکہ سمیت کسی کا دباؤ نہیں تمام فیصلے کرنے میں خودمختار ہیں۔ رحمن ملک

لاہور۔ وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ حکومت خودمختار ہے میں حلفا کہتا ہوں کہ ہم پر امریکہ سمیت کسی کا کوئی دباؤ نہیں۔ ہم عوام کو مایوس نہیں کرے گی۔ امن وامان کی صورتحال میں بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اس حوالے سے کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ریگل چوک کے قریب خودکش بم دھماکے میں تباہ ہونے والی ایف آئی اے کی بلڈنگ کے احاطے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایف آئی اے چودھری منظور ودیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔ رحمن ملک نے کہا کہ وہ متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ مذاکرات کرنے والی حکومتی ٹیم کے سربراہ ہیں اور اس حیثیت سے میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ملک میں امن وامان کے قیام اور عوام کے جان ومال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کراچی میں ایک ٹائر بھی نہیں جلنے دیں گے۔ سٹریٹ کرائمز کو ہنگامی بنیادوں ر ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ سابقہ حکومت سے ملنے والے مسائل پر جلد قابو پالیا جائے گا۔ شمالی علاقہ جات اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے حوالے سے سوال پر رحمن ملک نے کلمہ پڑھتے ہوئے کہا کہ ہم پر امریکہ سمیت کسی کا بھی کوئی پریشر نہیں ہے۔ ملک کی بہتری کیلئے فیصلے کرنے میں ہم خودمختار ہیں۔ بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ کی رہائی کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس کی سمری ہم نے صدر پاکستان کو بھجوادی ہے تاہم ہماری پالیسی ہے کہ ملک میں سزائے موت پانے والے تمام قیدیوں کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا جائے۔ ایف آئی اے کی نئی بلڈنگ کی تعمیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ موجودہ تباہ حال بلڈنگ کی مرمت کی جائے یا اسے مکمل طور پر گرادیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے بلڈنگ میں خودکش دھماکے سے ارد گرد کی متاثرہ عمارتوں کا معاوضہ دیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے ایف آئی اے بلڈنگ بم دھماکے میں شہید ہونے والے ملازمین کے ورثاء کیلئے پیکج کا اعلان کرتے ہوئے متاثرہ گھرانہ کے ایک فرد کو ملازمت، ایک لاکھ روپے نقد اور بیواؤں کو تاحیات مکمل پنشن دینے کا اعلان کیا۔

No comments: