International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Friday, May 9, 2008

نواز شریف نے امریکہ کی ہاں میں ہاں نہ ملائی تو ان کا انجام سابق حکمرانوں جیسا ہو سکتا ہے ‘ حمید گل



اسلام آباد ۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل حمید گل نے کہا ہے کہ اگر نواز شریف نے امریکہ کی ہاں میں ہاں نہ ملائی تو خوانخواستہ ان کا انجام بھی سابق حکمرانوں جیسا ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو اپنے ڈالر عزیز ہیں لیکن اس کے سامنے پاکستانیوں کے خون کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔ ایک نجی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی سفیر کے بیان پر ردعمل میں جنرل ( ر ) حمید گل نے کہا کہ امریکی سفیر کے بیان سے پہلے یورپی یونین کے عہدیدار ہاؤیر سولانا بھی اسی طرح کی بات کر چکے ہیں ۔ امریکی سفیر نے کہاتھا کہ پرویز مشرف پاکستان کے صدر ہیں اور اب اس معاملے کو چھوڑ کر آگے بڑھنا چاہئے ۔ جنرل ( ر ) حمید گل نے کہا کہ امریکی سفیر اور یورپی یونین کے ان بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ معاہدات ضرور ہوئے ہیں جو تاحال منظر عام پر نہیں آئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی بدقسمتی ہے کہ پاکستان کی تقدیر بدلنے جا رہی ہے لیکن پاکستانی قوم کو ان معاہدات کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے ۔ کیا ان معاہدات میں درج ہے کہ پرویز مشرف صدر رہیں گے ۔ معاہدات کے ضمانتی کون ہیں ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی ۔ امریکہ کو مراعات ملتی رہیں گی اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی تنصیبات کی نگرانی امریکہ کرتا رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اور بھی بہت سے سوال ہیں کہ جن کا قوم کو کوئی جواب نہیں مل رہا ہے ۔ تاہم حمید گل نے کہا کہ گاہے گاہے ہمیں وہاں سے اشارے ملتے رہتے ہیں اور اسی طرح کا ایک بہت بڑا اشارہ اب امریکی کانگرس نے دیا ہے کہ پاکستان وہ کردار ادا نہیں کر رہا جو اسے کرنا چاہئے اور یہاں تک کہا گیا ہے کہ نواز شریف راہ راست پر نہیں آ رہے ۔ حمید گل نے کہا کہ یہ ایک انتہائی خوفناک بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے اگر نواز شریف امریکہ کی توقعات پر پورا نہیں اترتے تو پھر نواز شریف کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے جیسا کہ بے نظیر بھٹو ‘ جنرل ضیاء الحق ، ذوالفقار علی بھٹو اور لیاقت علی خان سے کیا گیا ۔ اور جو بھی انکار کرے گا اسے کہنا پڑے گا کہ ’’ فرینڈ، ناٹ ماسٹرز ‘‘ لیکن اس وقت بہت دیر ہو چکی ہو گی ۔ ایک سوال کے جواب میں حمید گل نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے راہنما چونکہ معاہدات کے مطابق چل رہے ہیں جبکہ اس سے پہلے بے نظیر بھٹو نے تو معاہدات سے بغاوت کر دی تھی ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ یہ معاہدات کیا ہیں کیونکہ معاہدات کے سرعام نہ آنے سے پاکستانی پارلیمنٹ قوم کے مینڈیٹ ‘ آزادی اور حاکمیت اعلیٰ پر حرف آتے ہیں ۔ جنرل ( ر ) حمید گل نے کہا کہ یا تو ہمارے لیڈر اپنے آپ کو ان معاہدات سے الگ کریں اور راستے میں تبدیلی لائیں بصورت دیگر ملک تباہی کی طرف جائے گا ۔ قوم بغاوت کر دے گی کیونکہ لوگ بھوکوں مر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شاید امریکہ بھی یہی چاہتا ہے کہ ملک میں خانہ جنگی ہو ۔ فلسطین کا حوالہ دیتے ہوئے حمید گل نے کہا کہ وہاں حماس نے دوتہائی اکثریت حاصل کر لی تھی لیکن امریکہ نے محمود عباس کو قائم رکھا اور پرویز مشرف کی حیثیت بھی وہی ہے ۔ حمید گل نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ قوم اور لیڈران ان معاہدات کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کریں تاکہ پتہ چلے کہ ہم کہاں کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو اپنی امداد کا دکھ ہے تو اسے پاکستان کی قربانیوں کو بھی دیکھنا چاہئے کیا ہمارا خون اتنا ہی سستا ہے کہ امریکہ اس کو پس پشت ڈال دے ۔ اگر امریکہ امداد کا حساب مانگتا ہے تو ہمیں بھی اپنے جوانوں کے خون کا حساب مانگنا چاہئے ۔ لیڈران کو امریکہ قتل کروا دیتا ہے ۔ آزادی کو سلب کر لیا جاتا ہے ۔ پارلیمان کو محدود رکھا جاتا ہے اور ہماری فوج کو استعمال کیا جاتا ہے کیا اس سب کا کوئی حساب نہیں ہے ۔

No comments: