International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Sunday, July 20, 2008

مہمند ایجنسی میں طالبان اہلحدیث گروپ کے کمانڈر او ر ڈپٹی کمانڈر کو قتل کردیاگیا

پشاور ۔ تحریک طالبان پاکستان مہمند ایجنسی کو سرنڈر ہونے والے مخالف عسکریت پسند گروپ کے سربراہ کمانڈر مسلم خان المعروف شاہ صاحب اور ان کے نائب کمانڈر قاری عبید اللہ کو مقامی طالبان کے ہیڈ کوارٹر میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا اور بڑی جدوجہد کے بعد لاشیں ان کے ورثاء کے حوالے کر دی گئیں ۔ہتھیار ڈالنے والے دوسرے عسکریت پسندوں میں سے کئی کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم ان کی تصدیق نہیں ہو سکی ۔تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی کے علاقے خویزی میں تحریک طالبان مہمند ایجنسی کے سربراہ عبد الولی المعروف عمرخالد کے حامیوں اور عسکریت پسند مخالف گروپ شاہ صاحب کے حامیوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی جس میں پندرہ عسکریت پسند جاں بحق ہوئے اس دوران کمانڈ ر مسلم خان المعروف شاہ صاحب اور ان کے نائب کمانڈر قاری عبید اللہ سمیت سو سے زیادہ ان کے حامیوں نے سرنڈر ہوکر ہتھیار ڈال دیئے ۔انہیں بعد ازاں ہیڈ کوارٹر کریڑی قندھاری صافی منتقل کیاگیا ان میں سے دو اہم کمانڈروں شاہ صاحب اور ان کے نائب قاری عبید اللہ کو ہیڈ کوارٹر میں گولیاں مار کر ہلاک کر دیاگیا ۔اسی طرح کئی دیگر سرنڈر ہونے والے افراد کو بھی قتل کرنے کی اطلاعات ہیں تاہم قتل ہونے والوں کے صحیح اعدادوشمار کے بارے میں تضاد پایا جاتا ہے ۔تحریک طالبان اہلحدیث گروپ کے کمانڈر شاہ صاحب اور نائب کمانڈر قاری عبید اللہ کو کلاشنکوف سے فائرنگ کر کے قتل کیاگیا ۔آمدہ اطلاعات کے مطابق تحریک طالبان نے تحصیل خویزی میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے او ر گھر گھر کی تلاشی لی جا رہی ہے اور شاہ صاحب کے حامیوں کو گرفتار کرنے کے لئے سرچ آپریشن شروع ہے ۔ذرائع کے مطابق طالبان اہلحدیث گروپ کے کمانڈر شاہ صاحب اور ان کے کمانڈر کی لاشیں ان کے ورثاء کو نہیں دی جا رہی تھیں تاہم جرگے کی کوششوں اور مقامی افراد کے اثر و رسوخ کے باعث لاشیں ان کے ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔

No comments: