چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی میں فارورڈ بلاک بنانے والے مسلم لیگ ق کے ارکان کو تنبیہ کی ہے کہ وہ باز آجائیں وگرنہ پارٹی نے اُن کے خلاف قانونی اقدام کرنے کے مکمل انتظامات کر رکھے ہیں۔
پیر کے دِن لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو جمہوریت کو اور پارلیمنٹ کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر 84ارکان منتخب ہوئے تھے جِن میں سے 20سے زیادہ اعلانیہ طور پر فارورڈ بلاک میں شامل ہو چکے ہیں، جب کہ پریس کانفرنس سے پہلے اجلاس میں 60سے زیادہ ارکان کی شرکت کا چودھری پرویز الہٰی نے دعویٰ کیا تھا۔
پنجاب کے سابق وزیرِ اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ سپیکر کے عہدے کے لیے اُن کی جماعت کے امیدوار محسن لغاری ہوں گے۔
پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ق کے قائدین نےپیر کو سندھ اسمبلی میں سابق وزیرِ اعلیٰ ارباب رحیم کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کی بھی مذمت کی۔
دریں اثنا، سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے صدر بیرسٹر اعتزاز احسن نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ وکلا کو معاہدہٴ بھوربن پر مکمل اطمینان ہے اور یہ کہ وہ ججوں کی بحالی کے لیے دِن گزار رہے ہیں۔
اُنہوں نے پیر کو اوکاڑہ اور ساہیوال میں بار ایسوسی ایشنوں سے خطاب کیا۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن نے معزول ججوں کی بار ایسوسی ایشنوں سے خطاب کے پروگرام کا سلسلہ وقتی طور پر روک رکھا ہے۔ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اگر وعدے کے مطابق جج بحال نہیں ہوتے تو پھر بار ایسوسی ایشنوں سے خطاب بھی ہوں گے اور لانگ مارچ ہوگا۔
No comments:
Post a Comment