صوبے میں آٹے کے بحران پر قابو پانے اور پنجاب سے آٹے کی سپلائی پر عائد پابند ی ہٹانے کے لئے مذاکرات کرنے کا فیصلہ
اٹھارہ فروری کے انتخابات کے بعد نگراں حکومت کی جانب سے کئے گئے تبادلوں اور تقرریوں کو دس دن کے اندر منسوخ کرنے کی منظوری
وزیراعظم کی آمد کے موقع پر ان سے خصوصی پیکج لینے کا فیصلہ ،پشاور کی پسماندگی دور کرنے اور اسے ترقی دینے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی گئی
پشاور ۔ سرحد کابینہ نے مالاکنڈ ڈویژن میں امن و امان قائم کرنے اور عسکریت پسندوں سے مذاکرات کرنے کے لئے خصوصی کمیٹی اور جرگہ تشکیل دینے کی منظوری دیدی ۔جرگے میں دوصوبائی سینئر وزراء رحیم داد خان ،بشیر احمد بلور ،مالاکنڈ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے وزراء واجد علی خان ،ایوب اشاڑی اور محمود زیب سمیت دیگر کو شامل کرلیاگیا ۔وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی کے زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں پشاور کی محرومیاں دور کرنے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی جس میں سینئر وزیر بشیر احمد بلور اور وزیرصحت ظاہر علی شاہ سمیت دیگر شامل ہونگے ۔کابینہ کے فیصلوں کی بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات سردار حسین بابک نے صحافیوں کو بتایا کہ مالاکنڈ ڈویژن خصوصاً سوات میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور عسکریت پسندوں کو ہتھیار پھینکنے کے لئے خصوصی جرگہ اور کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔جرگے کو تمام فریقین سے مذاکرات کرنے اور ان سے فیصلہ کن جرگہ دینے کا اختیار دیدیا جرگے میں مالاکنڈ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے تمام وزراء کو شامل کرلیاگیا ۔کابینہ کے اجلاس میں پشاور کی پسماندگی اور شہریوں کی محرومیوں کا سخت نوٹس لیاگیا اور فیصلہ کیاگیا کہ خصوصی کمیٹی ہو گی جس میں پشاور سے تعلق رکھنے والے وزراء شامل ہونگے ۔کمیٹی کو ترقیاتی سکیموں کی نشاندہی کرنے اور پشاور کی محرومی دور کرنے کا ٹاسک سونپ دیاگیا ۔صوبائی کابینہ نے صوبے میں آٹے کے بحران کا سخت نوٹس لیا اور پنجاب حکومت سے مذاکرات کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا ۔کابینہ کے اجلاس میں پنجاب سے آٹے کی ترسیل پر پابندی کو اٹھانے اور صوبہ سرحد کو بغیر کسی رکاوٹ کے آٹے کی فراہمی کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دیدی ۔یہ کمیٹی پنجاب میں صوبائی حکومت سے مذاکرات کرے گی تاکہ پنجاب سے آٹے کی ترسیل پر عائد پابندی کو اٹھایا جا سکے اجلاس میں آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور پنجاب سے آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کمیٹی کو خصوصی ٹاسک سونپ دیاگیا ۔کابینہ کے اجلاس میں محکمہ تعلیم میں بھرتی پالیسی میں ترمیم کی منظوری دیدی گئی ۔چالیس فیصد ضلعے اور ساٹھ فیصد یونین کونسل کی سطح پر بھرتیوں کا فیصلہ کیاگیا ۔ماضی میں 75 فیصد یونین کونسل اور پچیس فیصد ضلعے کی سطح پر بھرتیوں کا فیصلہ کیاگیا تھا ۔صوبائی کابینہ نے اٹھارہ فروری کے عام انتخابات کے بعد نگراں حکومت کی جانب سے کئے گئے تبادلوں اور تقرریوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا اور دس دن کے اندر نگراں حکومت میں کئے گئے تبادلوں اور تقرریوں کو منسوخ کرنے کے لئے متعلقہ وزراء کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئیں ۔اجلاس میں ہنگو اور دیگر اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعدد تجاویز کی منظوری دی گئی ۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ سابقہ حکومت کی اچھی اصلاحات اور اچھے کاموں کو جاری رکھا جائے گا ۔اجلاس میں وزیراعظم کی آج پشاور آمد کے موقع پر ان کے سامنے خصوصی پیکج پیش کرنے کی منظوری دی گئی اور وزیراعظم سے پیکج کی منظوری لینے کا فیصلہ کرلیاگیا ۔
International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment