International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Wednesday, June 4, 2008

باراک اوباما نے نامزدگی کی دوڑ میں اپنی جیت کا اعلان کر دیا

واشنگٹن۔ امریکا کی دو آخری ریاستوں میں پرائمریز انتخابات کے ابتدائی نتائج سامنے آنے کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار بارک اوباما نے نامزدگی کی دوڑ جیت لی ہے ۔ دونوں ریاستوں میں مونٹینا میں بارک اوباما جبکہ ساؤتھ ڈکوٹا میں ہیلری کلنٹن نے کامیابی حاصل کر لی ہے ۔باراک اوباما نے اس برس نومبر میں ہونے والے امریکہ کے صدارتی انتخاب کے لیے ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی امیدوار کی نامزدگی کی دوڑ میں اپنی جیت کا اعلان کر دیا ہے۔باراک اوباما نے ریاست منیسوٹا کے مقام سینٹ پال میں تقریر کرتے ہوئے اپنے حامیوں سے کہا کہ وہ امریکی صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار کے طور پر ان کے سامنے ہیں۔ انہوں نے یہ اعلان نامزدگی کے پرائمری مراحل کے آخری دو مقابلوں کے اختتام پر کیا۔ان پرائمریز کے ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ اوباما نے نامزدگی کے لیے درکار مندوبین کی حمایت حاصل کر لی ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ آخری دو پرائمریز کے ابتدائی نتائج کے مطابق ریاست مونٹینا اوباما نے جبکہ ریاست ساؤتھ ڈکوٹا ہلیری کلنٹن نے جیتی ہے۔ اوباما کی مدمقابل سینیٹر ہلیری کلنٹن نے انہیں اس فتح پر مبارکباد دی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی مہم کے مستقبل کے بارے میں فوراً کوئی فیصلہ نہیں کریں گی اور آئندہ چند روز تک اپنے مشیروں سے صلاح مشورہ کریں گی۔ اس سے پہلے سینیٹر کلنٹن نے ڈیموکریٹ جماعت کے اراکین سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اوباما کے ساتھ نائب صدر کی امیدوار بننے پر راضی ہیں اگر یہ پارٹی کے مفاد میں ہو۔ باراک اوباما نے بھی اپنی تقریر میں ہلیری کلنٹن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں امریکی ان کی ہمت، حوصلے اور ڈیموکریٹک جماعت سے ان کے لگاؤ سے متاثر ہوئے ہیں اور وہ مستقبل میں ان کی’متوقع‘ حکومت میں اہم کردار ادا کریں گی۔ باراک اوباما نے اپنی تقریر میں یہ بھی کہا کہ امریکہ کو عراق سے نکلنا ہوگا تاہم انخلائ[L:4 R:4] کے عمل میں احتیاط برتنا ضروری ہے کیونکہ عراق میں داخل ہوتے وقت لاپرواہی برتی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عراقی اپنے مستقبل کی ذمہ داری خود اٹھائیں۔ ادھر حکمراں جماعت ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار جان مکین نے ایک تقریر میں کہا ہے کہ پرائمریز ختم ہو چکی ہیں اور اب صدارتی انتحابی مہم کا آغاز ہو چکا ہے۔

No comments: