International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Tuesday, June 10, 2008

معزول ججوں کی بحالی کے لئے قافلے لانگ مارچ میں شرکت کے لئے کراچی سے روانہ

کراچی۔ معزول ججوں کی بحالی کے لئے وکلاء، سول سوسائٹی اور سیاسی کارکنوں پر مشتمل قافلے لانگ مارچ میں شرکت کے لئے کراچی سے سکھر روانہ ہوگئے ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ کے معزول چیف جسٹس صبیح الدین احمد، جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم اور دیگر رہنماؤں نے قافلوںکو سہراب گوٹھ کے مقام پر رخصت کیا۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان لائرز کنونشن کے فیصلے کے مطابق سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے جج صاحبان کی بحالی کے لئے پیر کو باقاعدہ لانگ مارچ کا آغاز ہو گیا اور وکلاء اور سول سوسائٹی کے قافلے سکھر کے لئے روانہ ہوئے جہاں سے ملتان، لاہور اور اسلام آباد کی جانب باقاعدہ لانگ مارچ کا آغاز ہو گا۔ پیر کی صبح ہی سے وکلاء بڑی تعداد میں عدالتوں میں جمع ہونا شروع ہو گئے، بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ سے سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر جسٹس (ر) رشید اے رضوی اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر منیر اے ملک کی قیادت میں ایک قافلہ مزار قائد پہنچا قبل ازیں کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر محمود الحسن کی قیادت میں سٹی کورٹ سے اور ملیر بار ایسوسی ایشن کے صدر امان یوسف زئی کی قیادت میں ملیر کورٹ سے بھی وکلاء کے قافلے مزار قائد پہنچے جہاں جماعت اسلامی کی جانب سے لگائے گئے استقبالیہ کیمپ میں موجودہ رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے وکلاء کا استقبال کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی، تحریک انصاف، پی پی آئی، مسلم لیگ (ن)، لیبر پارٹی، نیشنل ورکرز پارٹی، پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی، اسلامی جمعیت طلبہ، پاسبان، پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن اور اے پی ڈی ایم کی جماعتوں کے علاوہ کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور)، سول سوسائٹی، مزدور تنظیموں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے وکلاء کا خیر مقدم کیا۔ بعد ازاں لانگ مارچ کے شرکاء کے قافلے سہراب گوٹھ پہنچے جہاں جماعت اسلامی، پختون خواہ ملی عوامی پارٹی اور دیگر جماعتوں نے قافلوں کا استقبال کیا جس کے بعد قافلے سکھر کے لئے روانہ ہو گئے۔

No comments: