پشاور۔ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین سید رحمان خان نے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ آئینی پیکج کو مسترد کر دیا اور موقف اختیار کیا کہ آئینی پیکج کا مقصد معزول ججوں کی بحالی میں تاخیری حربے استعمال کرنے کے سوا کچھ نہیں ۔ہمار ا موقف ہے کہ پارلیمنٹ سے قرارداد پاس کی جائے اور ایگزیکٹیو آرڈر کے ذریعے تمام معزول ججوں کو بحال کیا جائے ۔وہ پشاورہائیکورٹ کے احاطے میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ انہیں حکومت پیکج کا مطالعہ کرنے کا موقع ملا اور اس کو پڑھنے کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ یہ پیکج درست نہیں اور اس کے ذریعے تاخیری حربے استعمال کئے جا رہے ہیں اس لئے انہوں نے اس پیکج کو مسترد کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے
موقف سے وفاقی حکومت کو آگاہ کر دیا ہے ۔جب تک اصلی منصف اور ججوں کو بحال نہیں کیا جاتا تو اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے ۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پاکستان بار کونسل کو مجوزہ آئینی پیکج حوالے کیاگیا ہے اور کونسل پیکج کا مطالعہ کرنے کے بعد اس پر جو تجاویز دیگی مرکزی حکومت نے ان تجاویز کو آئینی پیکج میں جگہ دینے کا وعدہ کیا ہے ۔وفاقی وزیرقانون نے کونسل کے اجلاس میں وعدہ کیا کہ جو بھی تجاویز کونسل کی جانب سے ملیں گی ان تجاویز پر غور کیا جائے گا اور ان کو حکومت میں شامل چار بڑی جماعتوں کے سامنے رکھ دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے آئینی پیکج وصول کرنے میں کوئی قباحت نہیں ہمیں یہ سمجھنا ہو گا کہ پیکج میں کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئینی پیکج پر پاکستان بار کونسل کے ہر رکن انفرادی رائے دیں گے ان کی رائے میں یہ پیکج نامنظور ہے ۔انہوں نے کہا کہ وکلاء کی تحریک ختم نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی غیر موثر ہوئی ہے ۔یہ تحریک منظم اور موثر ہے ۔سید رحمان خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کو آئینی پیکج سے اختلاف ہے اور نواز شریف کو حکمرا ن جماعت سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کرنا چاہیے اور انہیں اپوزیشن میں بیٹھ کر وکلاء کا ساتھ دینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ اعلان مری پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث اب نواز شریف کو مرکز میں اقتدار میں رہنا درست نہیں انہوں نے کہا کہ جب پی سی او کے ججوں نے میاں محمد نواز شریف کو نا اہل قرار دیا تو اس کے خلاف پنجاب میں ہڑتال اور مظاہرے کئے گئے اپنی حکومت کے خلاف مظاہرے کرنا سمجھ سے بالا تر ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نواز شریف کی حکومت ہے اور پنجاب ہی میں ان کی جماعت جلوس نکالتی ہے اور ہڑتال کرتی ہے ۔عجیب و غریب بات ہے کہ اپنی حکومت کے خلاف احتجاج کیا جائے ۔سید رحمان خان نے کہا کہ وکلاء کی تحریک کو اپنے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔
International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment