International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Tuesday, July 29, 2008

آئین کی بالادستی کیلئے وکلاء کی جدوجہد حتمی مراحل میں ہے جو جلد ہی کامیابی سے ہمکنار ہوگی ۔کراچی بار ایسوسی ایشن

کراچی ۔ معزو ل چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کا کل کراچی پہنچنے پر شایان شان استقبال کیا جائیگا۔اسلام آبادسے پی آئی اے کی پرواز PK-301 صبح11 بجے کراچی ائیر پورٹ پہنچے گی جہاں سے معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو جلوس کی شکل میں لے جایا جائیگا۔معزول چیف جسٹس کا استقبال 12مئی کے داغ دھونے کی ایک کامیاب کوشش ہوگی جس سے یہ بات ثابت ہوجائیگی کہ سندھ کی عوام بھی آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار کراچی میں معزول چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کی کراچی آمد کے سلسلے میں پیر کو ہونیوالی 3 پریس کانفرنسوں میں کیا گیا۔کراچی پریس کلب میں ہونیوالی پریس کانفرنس سے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں ، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور مزدور تنظیموں کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر جسٹس (ر) رشید اے رضوی نے کہا کہ آزاد عدلیہ اور آئین کی بالادستی کیلئے وکلاء تحریک میں صحافی برادری نے بھی مساوی کردار ادا کیا۔کراچی کے شہریوں نے 9 مارچ2007ء سے آج تک یہ ثابت کردیا ہے کہ کراچی کسی ایک جماعت کا شہر نہیں ہے اور معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا استقبال یہ ثابت کریگا کہ کراچی دہشت گردوں کا شہر نہیں ہے۔روٹی ، کپڑا اور مکان کے ساتھ ججز کی بحالی بھی ہمارا مقصد ہے۔مسلم لیگ(ن) سندھ کے صدر سلیم ضیاء ایڈووکیٹ نے کہا کہ وکلاء کی تحریک میںعوام بھی شریک ہیں۔وکلاء تحریک کا مقصد فوجی آمر کی بار بار مداخلت کو روکنا اور جمہوریت کو استحکام دینا ہے۔چیف جسٹس کا کردار قابل تحسین ہے اور وکلا ، سیاسی جماعتوں اور میڈیا کا کردار یادگار ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کامیابی عدلیہ کی آزادی سے مشروط ہے۔سلیم ضیاء نے کہا کہ ملک بھر میں ہر مقام پر چیف جسٹس کا استقبال یہ ظاہر کریگا کہ عوام عدل و انصاف کی متمنی ہیں۔جماعت اسلامی سندھ کے امیر اور اے پی ڈی ایم سندھ کے رہنما مولانا اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ آئین کی بالادستی کیلئے وکلاء کی جدوجہد حتمی مراحل میں ہے جو جلد ہی کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔کراچی پہنچنے پر معزول چیف جسٹس آف پاکستان کا تاریخی استقبال کیا جائیگا۔12مئی اور9اپریل کے سانحات میں ملوث افراد کی گرفتاری حکومت کی ذمہ داری ہے۔استقبال جلوس میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی جائے کیونکہ افتخار محمد چوہدری کا استقبال کرنا ہمارا جمہوری حق ہے۔اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ وکلاء تحریک کو کمزور نہیںکیا جاسکتا ہے۔سابق اٹارنی جنرل اور سابق وفاقی وزیر قانون اقبال حیدر ایڈووکیٹ نے کہا کہ آزاد عدلیہ کے قیام کے بغیر پاکستان میں جمہوری عمل کا تحفظ ممکن نہیں اور نہ ہی آئین کی بالادستی کے بغیر بنیادی حقوق کی فراہمی ممکن ہے۔اقبال حیدر نے کہا کہ آزاد عدلیہ کا قیام آزاد ججز کی موجودگی میں ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ 12مئی کو چیف جسٹس تمام رکاوٹوںکے باوجود کراچی پہنچے تھے اور اب وفاقی وزراء اور پاکستان پیپلز پارٹی کارکنان پر لازم ہے کہ وہ افتخار محمد چوہدری کا استقبال کریں۔کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر محمود الحسن نے کہا کہ معزول چیف جسٹس کا والہانہ استقبال کیا جائے تاکہ پورے ملک میں یہ تاثر قائم ہوجائے کہ سندھ کی عوام بھی دیگر صوبوں کی طرح آئین اور قانون کی بالادستی چاہتی ہے۔سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے تحت ہونیوالی پریس کانفرنس میں بار کے اعزازی سیکریٹری منیر الرحمان، پاکستان بار کونسل کے رکن یاسین آزاد ایڈووکیٹ، سندھ بار کے مصطفیٰ لاکھانی اور سندھ بار کونسل کے صلاح الدین گنڈا پور نے کہا کہ معزول چیف جسٹس آف پاکستان کے استقبال کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور ان کے استقبال کیلئے پورے کراچی سے مختلف جلوس کراچی ائیر پورٹ پہنچیں گے جبکہ استقبالی جلوس کو پرامن بنایا جائیگا۔کراچی بار ایسوسی ایشن کے تحت ہونے والی پریس کانفرنس میں بار کے صدر محمود الحسن اور سیکریٹری نعیم قریشی نے کہا کہ ہائی کورٹ بار، کراچی بار اور ملیر بار کی جانب سے چیف جسٹس کے استقبال کو شایان شان بنایا جائیگا اسکے علاوہ اندرون سندھ سے ضلعی بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور ارکان جلوس کی شکل میں کراچی ائیر پورٹ آئیں گے۔

No comments: