سیالکوٹ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاںمحمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جس معاشرے میں عدل وانصاف کا بول بالا نہ ہووہ معاشرے اور قومیں تباہ وبرباد ہوجاتی ہیں اور تاریخ میں اپنا مقام کھوبیٹھتی ہیں ۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ معاشرے میں احساس محرومی کے خاتمہ کیلئے نچلی سطح پر انصاف کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے اور ہم سب کو متحدہ ہوکر اس کیلئے کام کرنا ہو گا ۔میاں محمد شہباز شریف نے خلیفہ دوم حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے زمانہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے خلاف مقدمہ میں قاضی کے خلیفہ وقت کی عدالت آمد پر کھڑے ہونے پر لرزش کی لیکن آج وقت کے حکام کے قاضی انصاف فراہم کرنے کی بجائے حاکم کے حکم کی پیروی کرنے میں مصروف ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع سیالکوٹ میں تحصیل ڈسکہ کے دیہات آلو مہار میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی سید مرتضیٰ امین کی رہائشگاہ میں معززین علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مسلم لیگ (ن) کے ممبران قومی وصوبائی اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں ،ناظمین ، نائب ناظمین ، شہریوں کی کثیرتعدا دبھی اس موقعہ پر موجو دتھی ۔ وزیرا علی نے کہا کہ پاکستان کومسائل ومشکلات کی دلدل سے باہر نکالنے کیلئے پوری قوم کو متحد ہوکرجدوجہد کرنا چاہیے وگرنہ قائد اعظم محمد علی جناح کا پاکستان ٹوٹ جائے گا اور اس کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوگی حالانکہ ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچانے کے ذمہ دار پرویز مشرف اور سابق حکمران ہیں۔ انہوںنے مزید کہا کہ وہ پنجاب کے تمام سرکاری اداروں سے کرپشن اور غفلت کا خاتمہ کریں گے اورعوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جائیںگے ۔انہوں نے آمر پرویز مشرف کے ظالم وجبر کے آٹھ سالہ دور میںپارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے ڈٹ کر جواں مردی کا مظاہرہ کیا اور کسی کی کوئی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بھی نواز شریف کے کارکن ہیں اور عوام کے خادم ہیں اور عوام کی خدمت جاری رکھیں گے اور ملک وقوم اور عدلیہ کی بحالی کیلئے انہیں اقتدار چھوڑنا بھی پڑا تو فیصلہ کرنے میں ایک لمحہ کی تاخیر بھی نہیںکریں گے اور ہزار بار بھی اقتدار چھوڑدیں گے ۔ انہوں نے اعلان کیاکہ مسلم لیگ (ن) میںلوٹوں کیلئے کوئی جگہ نہ ہے ۔وزیرا علی پنجاب نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے آٹھ سالوں میں پاکستان کوتباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا گیا ہے اور خدا کی قسم آج پاکستان کا ہرشعبہ مفلوج ہوچکا ہے لیکن وہ کرپشن اور غفلت ہرگز برداشت نہیںکریںگے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران عوام کے مسائل نیک نیتی سے حل کریں تاہم اب آئندہ اگر عوام شکایات لے کر ان کے پاس لاہور آئے تو متعلقہ ضلع کے ڈی پی او اور ڈی سی او سے باز پرس ہوگی ۔ وزیر اعلی پنجاب نے مزید کہا کہ قائد کے پاکستان کو دوبارہ ترقی وخوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کرکے قائد کے خواب کو پورا کرنے کیلئے ملک میں عدلیہ کی آزادی اور معزول ججوں کی بحالی پہلا راستہ ہے کیونکہ جب تک فوری اور آزاد انصاف کی فراہمی شروع نہیں ہوگی اس وقت تک ملک کو مسائل ومشکلات کی موجودہ دلدل سے باہر نہیں نکالا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر ظلم وجبر کے خاتمہ کاواحد حل عدلیہ اور معزول ججوں کی بحالی ہے اور ججوں کی بحالی کیلئے پاکستان کے سولہ کروڑ عوام کو جدوجہد کرنا ہوگی ۔وزیر اعلی پنجاب نے مزید کہا کہ تھانوں اورکچہریوں میں ظلم ہوتا ہے اور اس ظلم کے خاتمہ کیلئے عدلیہ بحال کروانا ہوگی ۔۔ اس سے قبل اس موقعہ پر مسلم لیگ (ق) کے تحصیل ناظم ڈسکہ حاجی ناصر محمود چیمہ متعدد ناظمین و نائب ناظمین سمیت مسلم لیگ (ن ) میں شامل ہوگئے ۔ انہوں نے آلو مہار شریف میں سابق ایم این اے سید افتخار الحسن المعروف ظاہرے شاہ کی رہائشگاہ پر ایک بڑی تقریب جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف مہماں خصوصی تھے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم قبل ازیں بھی مسلم لیگی ہیں اور انشا ء اللہ مسلم لیگ کیلئے اپنا تن من اور دھن قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر دلعزیز وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے نقش قدم پر چل کر عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے اور اپنی تمام تر توانائیاں عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سید افتخار الحسن ظاہرے شاہ کے خاندان کی مسلم لیگ کیلئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ اور نواز شریف ہی ہمارا اوڑھنا ور بچھو نا ہے اور انشا ء اللہ نواز شریف کی قیادت میں ملک و قوم کی ترقی کیلئے کندھے سے کندھا ملا کر کام کریں گے ۔ وزیر اعلی پنجاب نے بعدازاں تحصیل ڈسکہ کے تھانہ ستراہ کے موضع کوٹلی کورلاں کا اچانک دورہ کیااور یہاں بغیر چھتوں والی خستہ حالت عمارتوں میں کام کرنے والے بوائز اور گرلز پرائمری سکولوں کا معائنہ کیااور محکمہ تعلیم کے حکام کی سرزنش کرتے ہوئے استفسار کیا کہ پڑھا لکھا پنجاب کہاں ہے اور اس پروگرام کے فنڈز کہاں خرچ کئے گئے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کوٹلی کورلاں گرلز مکتب سکول کو پرائمری اور بوائز پرائمری سکول کو مڈل کا درجہ دینے ، دونوں سکولوں کی عمارتیں از سر نو تعمیر کرنے اور دوسرے دیہاتوں کی طالبات کو سکول سے گھر اور گھر سے سکول تک مفت بس سروس فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔
International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment