International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Tuesday, July 29, 2008

اے پی ڈی ایم نے صدر پرویز مشرف سے استعفے کا مطالبہ اور حکومت کو ٣١ اگست تک عدلیہ کو بحال کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی

اسلام آباد ۔ آل پارٹیز ڈیمو کریٹک موومنٹ (اے پی ڈی ایم ) نے مطالبہ کیاہے کہ جنرل پرویز مشرف فوری طور پر استعفیٰ دیں اور حکومت اکتیس اگست تک عدلیہ کو دو نومبر 2007ء کی پوزیشن پربحال کرے اور اگر ایسا نہ کیاگیا تو پھر اے پی ڈی ایم مطلبات تسلیم کرانے کیلئے پورے ملک میں سیاسی تحریک منظم کرے گی اور یکم ستمبر 2008ء کو احتجاجاً ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار اے پی ڈی ایم کے مرکزی رہنماوں محمود خان اچکزئی، عمران خان، لیاقت بلوچ، ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ ، رضا محمد رضا ، عبدالرحیم مندوخیل و دیگرنے منگل کو یہاں الفلاح حال میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اے پی ڈی ایم کے رہنماؤں نے کہاکہ اے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے فوراً بعد اٹھائیس جولائی 2008ء کو سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا کمیٹی اجلاس کی صدارت لیاقت بلوچ نے کی۔ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ ، سید منظور گیلانی ، اختر حسین ، انجنیئر سلیم اللہ خان ، سینیٹر رضا محمد رصا ، سردار اظہار طارق ، نثار شاہ ، ڈاکٹر عبدالحمید میمن، عبدالقادر رانٹو ، حمید الدین المشرقی ، عبدالحمید کانجو اور میاں محمد اسلم نے شرکت کی ۔ اجلاس میں درج ذیل فیصلے کئے گئے ۔ فیصلوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے رہنماؤں نے کہاکہ اے پی ڈی ایم کی تنظیم سازی کیلئے دستوری ضابطہ اخلاق تشکیل دیا جائے جس میں اغراض و مقاصد ، تنظیمی ڈھانچہ ، تنظیم کے انتخاب اور نئی جماعتوں کی اے پی ڈی ایم میں شمولیت کے طریقہ کار کی وضاحت ہو گی اے پی ڈی ایم انتخابی اتحاد نہیں بلکہ صرف اور صرف اپنے چارٹر کے مطابق آئین اور قانون کی حکمرانی ، عدلیہ کی آزادی اور ملک کو ہر طرح کی اندرونی اور بیرونی مداخلت سے نجات کیلئے پر امن آئینی اور سیاسی جدوجہد کیلئے اتحاد ہو گا ۔ سید منظور گیلانی صاحب مسودہ تیار کر کے ممبران کمیٹی کو بھجوائیں گے ۔ سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس دوبارہ تیرہ اگست 2008ء کو لاہور میں ہو گا کمیٹی نے طے کیاہے کہ اے پی ڈی ایم کا مالیاتی نظام قائم کیا جائے گا اے پی ڈی ایم کا مطالبہ ہے کہ جنرل پرویز مشرف فوری طور پر استعفیٰ دیں او رحکومت اکتیس اگست 2008ء تک عدلیہ کو دونومبر 2007ء کی پوزیشن پر بحال کرے وگرنہ اے پی ڈی ایم مطالبات تسلیم کرانے کیلئے پورے ملک میں سیاسی تحریک منظم کرے گی اور یکم ستمبر 2008ء کو احتجاجاً ملک گیر ہڑتال کی جائیگا۔ اے پی ڈی ایم کی جانب سے ہونے والے مطالبات کے بارے میں کہا کہ حکومتی آئینی پیکج مسترد کرتے ہیں 1973ء کا دستور 12اکتوبر 1999ء کی پوزیشن پر بحال کیاجائے۔ 2نومبر 2007ء کی پوزیشن پر عدلیہ بحال کی جائے ۔ جنرل پرویز مشرف استعفیٰ دیں یا حکومت غیر آئینی صدارت کاخاتمہ کرے بلوچستان اور قبائلی علاقہ جات میں فوجی آپریشن ختم کیا جائے بجلی کا بحران ختم کیا جائے حکومت مہنگائی ختم کرے۔ آٹا ، تیل ، بجلی ، کھاد ، گیس کی قیمتوں او رریلوے کرایوں میں اضافہ واپس لیا جائے ۔بدامنی اور لاقانونیت ختم کی جائے اور عوام کے جان ومال کی حفاظت کی جائے۔ بلوچستان اور ملک بھر سے لا پتہ افراد کو بازیاب کیاجائے پارلیمنٹ با اختیار ہو ، امریکی اور ہر نوعیت کی بیرونی مداخلت ختم کی جائے نیز بیرونی عناصر کو پاکستان کی سرزمین سے نکالا جائے ۔ فوج اور خفیہ ایجنسیوں کی سیاست میں مداخلت بند کی جائے صوبائی خود مختاری اور صوبوں کے وسائل پر صوبوں کا حق ملکیت تسلیم کیاجائے ۔ کراچی میں فاشٹ تنظیم ایم کیو ایم کی سرپرستی ختم کی جائے اور بارہ مئی 2007ء کے المناک واقعہ کی تحقیقات کی جائیں۔ ملک میں انفرادی ، گروہی ، جماعتی اور ریاستی دہشت گردی ، انتہا پسندی اور فرقہ واریت ختم کی جائے اے پی ڈی ایم کے رہنماؤںنے کہاکہ اکتیس اگست 2008ء مطالبات کو تسلیم کئے جانے کی ڈیڈ لائن دی گئی اور یکم ستمبر 2008ء کی ملک گیر ہڑتال کیلئے اے پی ڈی ایم عوام سے رابطہ کیلئے درج ذیل شیڈول کے مطابق سیاسی تحریک منظم کرے گی عوام کو آگاہی اور سیاسی کارکنان کو آئین اور قانون کی حکمرانی کیلئے متحرک کرنا ہدف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اے پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں ، وکلاء ، دانشوروں ، طلبہ ، نوجوانوں ، مزدوروں ، کسانوں ، خواتین اور سول سوسائٹی کی طرف سے بھرپور عوامی سیمینارز منعقد کئے جائیں گے اے پی ڈی ایم کے مطالبات کا موثر ابلاغ کیا جائے گا صوبائی تنظیمیں ان سیمینارز کا اہتمام کریں گی۔5اگست کو لاہو ر،کراچی ، پشاور ، کوئٹہ،6اگست کو فیصل آباد،لاڑکانہ ، صوابی ، لورالائی ، 13اگت کو ملتان ، نواب شاہ ، نوشہرہ ، قلات ،16اگست کو راولپنڈی ، سکھر ، مردان ، نوشکئی میں سیمینار کا اہتمام کیاجائے گا ۔ اے پی ڈی ایم اضلاع کی تنظیموں کے ذریعے چودہ اگست کو پاکستان کی آزادی اور خود مختاری کی حفاظت اور عوام کی حقیقی جمہوری آزادی اور معاشی انصاف کیلئے اسلام آباد ، کراچی ، لاہور، پشاور ، کوئٹہ میں جلسہ عام منعقد کئے جائیں گے صوبائی تنظیمیں نگرانی کریں گی رابطہ عوام مہم کے ذریعے سیاسی تحریک کو منظم کرنے کیلئے عوامی جلسہ ہائے عام ان تمام تاریخوں میں منعقد کئے جائیں گے ۔ مرکزی قائدین ان جلسوںمیں شرکت کریں گے ۔17اگست کو ملتان میں ،18اگست کو گوجرانوالہ ،19اگست کو مردان ، 20اگست کو ایبٹ آباد ، 22اگست کو کراچی، 24اگست کو حیدر آباد ، 25اگست کو کوئٹہ اور26اگست خضدارمیں منعقد کئے جائیں گے۔ تمام عوامی پروگراموں اور اے پی ڈی ایم کے مطالبات کی اخباری اشتہارات اور مقامی سطح پر پوسٹرز ،بینرز ، ہینڈ بلز کے ذریعے تشہیر کی جائے گی انہوں نے کہاکہ اکتیس اگست 2008ء تک اے پی ڈی ایم کے مطالبات تسلیم کرانے کیلئے ملک گیر ہڑتال کی کامیابی کیلئے تمام ضلعی مقامات پر وفود تاجروں ، ٹرانسپورٹرز ، ریڑھی بانوں ، مزدوروں اور طلبہ سے ملاقاتیں کریں گے اور اکتیس اگست 2008ء بروز اتوار تمام ضلعی و تحصیلی ہیڈ کوارٹرز پر ریلیاں نکالی جائیں گی ضلعی تنظیمیں اس کا اہتمام کریں گی انہوں نے کہاکہ اکتیس اگست کو ہی تمام مرکزی قائدین اسلام آباد میں عوامی سیمینار سے خطاب کریں گے اور قومی و بین الاقوامی پریس کے ذریعے یکم ستمبر 2008ء کی ملک گیر ہڑتال کو کامیاب کرانے کیلئے عوام سے اپیل کی جائے گی

No comments: