کے ایس ای 100 انڈیکس سال رواں کے آغاز سے 10.6فیصد جبکہ 21اپریل کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح سے20فیصد کم
ٹریڈنگ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس میں 426.96پوائنٹس کی کمی ہوئی اور انڈیکس 12584.78پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا
ماہرین صدر مملکت اور شریک چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان حالیہ تناؤ کی کیفیت سے بھی پریشان ہیں
کراچی۔ کراچی اسٹاک ایکسچینج میں پیر کو حصص کی قیمتوں میں 3فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔اسٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے ڈسکاؤنٹ ریٹ میں اضافے کے بعد ملکی سیاسی صورتحال سے صورتحال مزید خراب ہوگئی اور 100انڈیکس میں 400سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی۔پیر کو مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز شدید دباؤ میں ہوا اور انٹر ڈے ٹریڈنگ میں انڈیکس میں 500پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ ٹریڈنگ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس میں 426.96پوائنٹس کی کمی ہوئی اور انڈیکس 12584.78پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جو 11ستمبر 2007ء کے بعد انڈیکس کی کم ترین سطح ہے۔مارکیٹ میں کاروباری حجم 9کروڑ96لاکھ حصص رہا جبکہ 247کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور77کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں سال رواں کے آغاز سے 10.6فیصد جبکہ 21اپریل کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح سے20فیصد کم ہوچکا ہے۔ڈیلرز کے مطابق اسٹیٹ بنک کی جانب سے گزشتہ ہفتے سخت مانیٹری پالیسی کے اعلان سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے لئے کوئی کشش نہیں رہی ہے جبکہ گزشتہ ہفتے ڈسکاؤنٹ ریٹ میں ڈیڑھ فیصد اضافے کے بعد سے ہی مارکیٹ میں فروخت کا شدید دباؤ ہے اور سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ سے سرمائے کے انخلاء کا رجحان پایا جارہا ہے دوسری جانب اسٹیٹ بنک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ڈسکاؤنٹ ریٹ میں اضافے کا فیصلہ افراط زر اور تجارتی خسارے میں کمی کے لئے کیا گیا ہے۔پی ایل ایس کھاتیداروں کو کھاتوں پر 5فیصد منافع دینے کے اعلان سے مارکیٹ میں بنکنگ سیکٹر میں شدید دباؤ دیکھا گیا واضح رہے کہ اس سے قبل بنکوں کی جانب سے پی ایل ایس کھاتوں پر اوسطاً2 سے ڈھائی فیصد شرح منافع دیا جاتا تھا۔ڈیلرز کے مطابق ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال کے باعث سرمایہ کار شدید ہچکچاہٹ کا شکار ہیں اور نئے بجٹ اعلان سے قبل کسی بڑی سرمایہ کاری سے گریزاں ہیں۔ماہرین صدر مملکت اور شریک چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان حالیہ تناؤ کی کیفیت سے بھی پریشان ہیں۔پیر کو مارکیٹ میں فعال ترین کمپنیوں میں آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ لمیٹڈ(او جی ڈی سی) کے حصص 6فیصد کمی سے 125روپے61پیسے، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ1.6فیصد کمی سے 249روپے50پیسے اورپاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ( پی ٹی سی ایل)کے حصص5فیصد کمی سے 39روپے21پیسے رہے
International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment