International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Thursday, June 5, 2008

وزیراعلی پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ سمیت صوبائی کابینہ کل مستعفی ہوجائے گی



لاہور ۔ سینئر صوبائی وزیر وپیپلز پارٹی کے رہنما راجہ ریاض نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ کل (جمعہ) مستعفی ہوجائیں گے جس کے باعث 16رکنی کولیشن کابینہ بھی ازخود ختم ہوجائے گی۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہبازشریف آئندہ وزارت اعلیٰ کیلئے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔ نئی صوبائی کابینہ میں بھی پیپلز پارٹی کے موجودہ وزراء یہی وزارتیں سنبھالیں گے اور دونوں جماعتیں آئندہ بھی مل کر عوام کی بہتری کیلئے کام کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر صوبائی کابینہ میں پیپلز پارٹی کے چھ وزراء ڈاکٹر تنویر اسلام، محمد اشرف سوہنا، مسز نیلم جبار چودھری، فاروق گھرکی ، حاجی اسحق اور تنویر اشرف کائرہ بھی موجود تھے۔ راجہ ریاض نے کہا کہ ہم نے صوبائی وزیراعلی سردار دوست محمد کھوسہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جبکہ آئندہ وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف سے بھی ہمارا مکمل تعاون جاری رہے گا۔ مرکزی حکومت کو بھی پنجاب سے مکمل تعاون ملے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے موقف میں ماضی کے مقابلہ میں خاصی نرمی آچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میاں شہبازشریف کے حلف اٹھانے کے بعد پیپلزپارٹی کے موجودہ وزراء ہی نئی کابینہ کا حصہ ہوں گے اور انہی وزارتوں کا قلمدان سنبھال گے۔ تاہم کابینہ کے حجم میں اضافہ بجٹ کے بعد کیا جائے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے پالیسیوں اور نظریات میں واضح فرق ہے تاہم دونوں کا اصل ایجنڈا عوام کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی صوبہ میں کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرن چاہتے ہیں تاہم اس کیلئے بڑے بجٹ کی ضرورت ہے۔

No comments: