International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Tuesday, April 22, 2008

عوامی مینڈیٹ کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچنے دیں گے ۔ نواز شریف



ججز بحال ہوں گے ‘9 اپریل کے المناک واقعات کی ٹھوس بنیادوں پر تحقیقات ناگزیر ہیں ‘
سابق وزیراعظم وکی کلاء کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ انتخابات میں جمہوری قوتوں کو واضح مینڈیٹ ملا ہے ۔ کسی صورت عوامی مینڈیٹ کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے ۔ قومی کی خواہشات کے مطابق ججز بحال ہوں گے کراچی میں 9 اپریل کے المناک واقعات کی ٹھوس بنیادوں پر تحقیقات ناگزیر ہیں ۔ سیاسی وجمہوری قوتوں اور وکلاء برادری میں قومی ایشوز کے حوالے سے ہم آہنگی پائی جاتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج منگل کوپنجاب ہاؤس اسلام آباد میںکراچی بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعیم قریشی کی قیادت میں وکلاء کے وفد سے ملاقات میں کیا ۔ میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ 12 مئی کو کراچی میں رونما ہونے والے سانحے کے حوالے سے ان کی جماعت کا واضح اور اصولی موقف ہے ۔ سانحے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے ۔ 9 اپریل کے المناک واقعات کی تحقیقات بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے ان واقعات کی وجہ سے ہم نے ایم کیو ایم کے حوالے سے حکومت سازی سمیت مختلف مواقع پر تحفظات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے آئین اور قانون کی حکمرانی ضروری ہے ۔ آئین اور قانون سے کوئی مبرا نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کے لیے ضروری ہے کہ جو بھی قانون شکنی میں ملوث ہو اس پر گرفت کی جائے انہوں نے ملک میں آئین کی بالادستی ‘ جمہوریت اور ججز کی بحالی کے حوالے سے وکلاء برادری کی جدوجہد کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور جمہوری قوتوں کی جانب سے وکلاء کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

No comments: