٭۔ ۔ ۔ حلف اٹھانے والوں میں مسلم لیگ (ن) کے 8اور پیپلز پارٹی کے 6وزراء شامل ہیں، ایک اقلیتی رکن بھی شامل
٭۔ ۔ ۔ پیپلز پارٹی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر راجہ ریاض پہلے ہی سینئر صوبائی وزیر کے طور پر حلف اٹھا چکے ہیں، صوبائی کابینہ کی تعداد 15ہوگئی
لاہور۔ پنجاب کی 14 رکنی صوبائی کابینہ نے آج حلف اٹھا لیا ۔ گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول نے ان سے حلف لیا ۔حلف اٹھانے کے بعد پنجاب کی کابینہ کے ارکان کی تعداد 15ہوگئی۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلی پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ اور سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض بھی موجود تھے ۔ صوبائی کابینہ میں مسلم لیگ (ن) کے 8 اور پیپلز پارٹی کے 6 وزراء شامل ہیں ۔صوبائی وزراء میں مسلم لیگ (ن) کے فیصل آباد سے رانا ثناء اللہ ، لیہ سے ملک احمد علی اولکھ، ساہیوال سے ندیم کامران ، لاہور سے چوہدری عبدالغفور ، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن ، ملتان سے احسان الدین قریشی ، بہاولپور سے اقبال چنڑ اور اقلیتی رکن کامران مائیکل شامل ہیں ۔ جبکہ پیپلز پارٹی کے صوبائی کابینہ میں شامل ہونے والے وزراء میں ٹوبہ ٹیک سنگھ سے حاجی محمد اسحاق ، نیلم جبار ، اوکاڑہ سے محمد اشرف خاں سوہنا ، سیالکوٹ سے ڈاکٹر تنویر اسلام ، لاہور سے فاروق گھرکی اور گجرات سے تنویر اشرف کائیرا شامل ہیں ۔ کابینہ میں شامل ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے دو وزراء رانا ثناء اللہ اور مجتبیٰ شجاع الرحمن صوبائی اسمبلی کے رکن نہیں ہیں ۔ حلف اٹھانے کے بعد انہیں چھ ماہ کے اندر پنجاب اسمبلی کا رکن منتخب ہونا ہو گا ۔ حلف مکمل ہوتے ہی تقریب میں موجود پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے سیاسی کارکنوں جنہوں نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں بنادھ رکھی تھیں نے زبردست نعرہ بازی شروع کردی اور گو مشرف گو ،میاں نوازشریف زندہ باد اور جئے بے نظیر کے نعرے لگائے۔
No comments:
Post a Comment