International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Friday, May 30, 2008

مہنگائی سے پاکستان میں غریب طبقہ متاثر ہورہا ہے، پرافیل پٹیل




اسلام آباد...عالمی بینک کے نائب صدر پرافیل پٹیل نے کہا ہے کہ پیٹرول اور غذائی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ پاکستان میں غریب طبقہ کو متاثر کر رہا ہے۔ دورہ پاکستان کے اختتام پر خصوصی بیان میں انہوں نے کہاکہ عالمی بینک پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں بھرپور معاونت کرے گا۔ ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کو بجلی اور پانی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دینی چاہیئے۔ پرافیل پٹیل نے کہاکہ توانائی کے پیداواری منصوبے جلد مکمل کیے جائیں کیونکہ اس سے پاکستان کی ترقی کی شرح تیز تر ہوسکتی ہے۔
دیگر عالمی اداروں کی طرح عالمی بنک نے بھی دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے عالمی غذائی بحران پر اپنی تشویش ظاہر کی ہے اور عالمی بینک کے صدر رابرٹ زویلک نے ترقی پزیر ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ اشیاء خوردونوش کی برآمدات کو محدود نہ کریں اور نہ ہی ان پر کوئی نیا ٹیکس لگائیں۔عالمی بینک کے صدر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمت اور اشیائے خودونوش کی طلب میں اضافے نے اجناس کی قیمتوں میں کئی گناہ اضافہ کر دیاہے۔ جس کے بعد چین ، روس اور بھارت سمیت کئی دوسرے ملکوں نے مختلف اجناس کی برآمد پر پابندی عائد کردی تھی یا ان کی برآمد پر کئی طرح کے ٹیکس عائد کردیئے گئے ۔ Robert Zoellick کا کہنا تھا کہ اجناس کی برآمدات پر عائد پابندی ختم کرنے سے ان ملکوں کو فائدہ ہوگا جہاں اشیائے خوردونوش کی قلت ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ اجناس کی بڑھتی ہوئی قیمتیں مختلف ملکوں کے لیے پریشانی کا باعث ہے ۔لیکن ان ملکوں کے لیے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ ان قیمتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنی پیداوار بڑھائیں۔ ادھر اشیاء خوردونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتیں پوری دنیا کے لیے پریشانی کا باعث بن چکی ہیں۔ دنیا کے بیشتر ممالک نے کھانے پینے کی اشیا پر ٹیکس بھی کم کر دیئے ہیں۔ ورلڈ فوڈ پروگرام نے عالمی برادری سے 70 کروڑ ڈالرز کی امداد کے لیے اپیل کی ہے تاکہ بہت سے ترقی پزیر ممالک کی خوراک کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ مگر ترقی یافتہ ممالک میں بھی عوام خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چند مشوروں پر عمل کر کے صارفین اپنی رقم کا کم اور صحیح استمال کر سکتے ہیں۔صارفین کے حقوق کے لیے کام کرنے والوں کا کہنا ہے کہ خریداری کی عادت کو بدلنے کا یہ بہتریں موقع ہے۔ یونیورسٹی آف میزوری میں اخراجات کو کم کرنے کی ماہر کہتی ہیں کہ تھوڑی سی پلانگ سے بڑی بچت کی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے یہ سمجھنا چاہیے کہ وقت ہی پیسہ ہے۔گیلپ کی طرف سے کیے گئے ایک حالیہ جائزے کے مطابق امریکہ کی تقریباً آدھی آبادی کا کہنا ہے کہ ان کے خاندان خوراک کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مشکلات سے دوچار ہیں۔ ماہر غذائیات ایلن شوسٹر کا کہنا ہے کہ اس کی ایک وجہ وہ کھانا ہے جو امریکی صارفین ضائع کرتے ہیں۔ایلن شوسٹر کا کہناہے کہ چار افراد پر مشتمل ایک خاندان سبزیاں، پھل، گندم اور گوشت کو ملا کر ایک سال میں اوسطاً 600 ڈالر کی خوراک ضائع کرتا ہے۔ اگر آپ اس کے بارے میں سوچیں تو اس رقم سے آپ 10 مرتبہ 60 ڈالر کا پیٹرول ڈلوا سکتے ہیں اور اگر اس کو کنٹرول کر لیا جائے تو یہ ایک بڑی بچت ہو گی۔شوسٹر کاکہنا ہے کہ اس سے بچنے کے لیے صارفین کو خریداری کرنے سے پہلے وہ چیزیں کھا لینی چاہیں جو ان کے پاس موجود ہیں اور اتنا ہی خریدیں جتنی ان کی ضرورت ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ زیادہ مقدار میں خریداری نہیں کرنی چاہیے اور مشہور کمپنیوں کی چیزیں خریدنے کے بجائے عام کمپنیوں کی چیزیں خریدیں کیونکہ وہ نسبتاً سستی ہوتی ہیں۔ بند ڈبوں کا جوس مہنگا ہوتا ہے وہ خریدنے کے بجائے خود سے تازہ جوس بنایئں کیونکہ جو لوگ پیسے بچانا چاہتے ہیں وہ کھانا گھر پر ہی کھاتے ہیں۔

No comments: