International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Friday, May 30, 2008
صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی یقین دہانی پر الیکشن ٹربیونل نے ان کے خلاف دائر پٹیشن خارج کردی
لاہور۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے خلاف توہین عدالت سے متعلق درخواست درخواست دہندہ نے صوبائی وزیر کی جانب سے اس یقین دہانی پر کہ انہوں نے عدالت عظمیٰ یا عدالت عالیہ کی کبھی توہین نہیں کی واپس لے لی۔ جبکہ الیکشن ٹربیونل نے پٹیشن خارج کردی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر رانا ثناہ اللہ جمعہ کے روز جسٹس میاں نجم الزمان اور جسٹس طارق شمیم پر مشتمل الیکشن ٹربیونل کے سامنے پیش ہوئے اور اپنا بیان حلفی دیا جس میں یقین دہانی کرائی گئی کہ انہوں نے کبھی بھی اعلی عدالت کی توہین نہیں کی جبکہ اس حوالے سے ان کے بیانات سیاق وسباق سے ہٹ کر شائع ہوئے۔ اس یقین دہانی کے بعد فیصل آباد کے درخواست دہندہ عبید اللہ نے اپنی درخواست واپس لے لی۔ بعدازاں جب رانا ثناء اللہ سے صحافیوں نے پوچھا کہ کیا انہوں نے پی سی او ججوں کے سامنے پیش ہوکر انہیں تسلیم کرلیا ہے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ وہ یہاں صرف اپنا بیان داخل کرانے کیلئے آئے تھے ۔ پی سی او ججوں سے متعلق ان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کا موقف بالکل واضح ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے نہ پہلے پی سی او ججوں کو تسلیم کیا اور نہ آج کرتی ہے۔ ملک کے حقیقی اور آئینی چیف جسٹس افتخار محمد چودھری ہیں اور جب تک چیف جسٹس سمیت تمام معزول جج بحال نہیں ہوجاتے مسلم لیگ (ن) اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی سی او ججوں کو تسلیم نہ کرنے کی اس سے بڑی اور کیا دلیل ہوسکتی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف نے اپنے خلاف ضمنی الیکشن میں اعتراضات کے حوالے سے پی سی او ججوں کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔ ہم نے اس پر نہ پہلے سمجھوتہ کیا ہے اور نہ آئندہ کیا جائے گا۔
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment