International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Sunday, June 15, 2008

آصف علی زرداری نے عوام کی آواز نہ سنی تو وہ بھی ق لیگ کی طرح تاریخ کا کوڑا دان بن جائیں گے ۔پروفیسر ساجد میر

لاہور ۔ مرکزی جمعیت اہلِ حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کی یہ بدقسمتی ہے کہ نیب زدہ ق لیگ سے جان چھوٹی تو این آر او زدہ پیپلز پارٹی سے پالا پڑ گیا ہے‘ لانگ مارچ نے 18 فروری کے مینڈیٹ کو ایک بار پھر دہرایا جس کا اولین مقصد ججوں کی بحالی‘ مشرف سے نجات اور امریکی غلامی سے آزادی تھا مگر افسوس کہ ابھی تک حکمران اتحاد اس مینڈیٹ کی توہین کر رہا ہے ‘ اگر آصف علی زرداری نے عوام کی آواز نہ سنی تو وہ بھی ق لیگ کی طرح تاریخ کا کوڑا دان بن جائیں گے۔ سعودی کے دورے سے واپسی پر مرکزی دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے 18 فروری کو مشرف اور اس کی پروردہ ق لیگ کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار اس لئے کیا تھا کہ وہ نیا جمہوری پاکستان دیکھنا چاہتے تھے مگر ابھی تک عوام کی آرزوؤں اور امنگوں کو پورا نہیں کیا گیا۔ اسے قوم کی بدقسمتی ہی کہا جا سکتا ہے کہ نیب زدہ ق لیگ سے جان چھوٹی تو این آر او زدہ پیپلز پارٹی سے پالا پڑ گیا جو عوام کی بجائے خواص کی مجبوریوں میں بندھ چکی ہے۔ جب تک وہ جمہوری او ر آزاد فیصلے نہیں کرے گی عوام اسے ق لیگ کی طرح مسترد کر دے گی۔ پروفیسر ساجد میر نے کہاکہ لانگ مارچ میں لاکھوں افراد نے شرکت کر کے18 فروری کے مینڈیٹ کو دہرایا تھا‘ پارلیمنٹ نے پھر بھی اس کا احترام کرتے ہوئے ججوں کو بحال نہ کیا تو یہ اسمبلی اپنی مدت پوری نہیں کر سکے گی اور موجودہ اتحادیوں کی جگہ نئے اتحادی لے سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سعودی عرب سمیت پوری دنیا میں بسنے والے مسلمان پاکستان کو درپیش سیاسی‘ معاشی و عسکری بحرانوں سے پریشان ہیں اور امریکہ کی خوشنودی کے لئے بنائی جانے والی پالیسیوں کو ناپسند کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف کی رخصتی کے دن قریب ہیں اور امریکہ کو ابھی تک مشرف کا متبادل نہیں مل رہا اسی پریشانی کی وجہ سے وہ قبائلی علاقوں میں اتحادی افواج کے ذریعے حملے کر رہا ہے جس کا مقصد مشرف کی موجودگی کا جواز تلاش کرنا ہے اور تاثر دینا چاہتا ہے کہ مشرف کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کا اتحادی برقرار رہنا مشکل ہو جائے گا تاہم اب یہ بات تو طے ہے کہ امریکہ موجودہ حکومت پر اپنی من مانیاں مسلط نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ مشرف کے خلاف مسلم لیگ (ن) کی طر ف سے پارلیمنٹ میں مواخذے کی تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے مرکزی جمعیت اہل حدیث بھرپور ساتھ دے گی

No comments: