International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Saturday, June 7, 2008

ججوں کی بحالی کے لیے کوششیں پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہو گی؛ شہباز شریف



واشنگٹن ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدرمیاں شہباز شریف نے کہاہے کہ ججوں کی بحالی کے لیے کوششیں کرنا اورایسی کوششوں کی مکمل معاونت پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہو گی۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبے سے قبضہ مافیا کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔وائس آف امریکہ کے پروگرام ’’ آج شام ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آٹھ سالہ جلاوطنی کے بعد وطن پہنچنے پر جو ان کے احساسات تھے، ایسے ہی کچھ احساسات تقریبا دس سال کے بعد ایوان میں داخل ہوتے وقت بھی تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ججوں کی بحالی کواپنا فرض سمجھتی ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا پنجاب حکومت وکلاء کے دس جون کے لانگ مارچ کی حمایت کرتی ہے اور امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ میاں نواز شریف اور وہ خود ذاتی طور پر اس لانگ مارچ میں شریک نہیں ہوپائیں گے تاہم پارٹی کے نمائندے اور کارکن اس پرامن تحریک میں بھرپور شرکت کریں گے۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام، غریب طبقے پر سے بوجھ کم کرنا اور قبضہ مافیا کا صفایا ان کی انتظامی ترجیحات ہوں گی۔مسلم لیگ ( ن ) کے صدر نے دوست محمد کھوسہ کی مختصر مدت کے لیے بطور وزیراعلی پنجاب خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ایک نوجوان مگر منجھے ہوئے سیاستدان ہیں اور ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ مبصرین میاں شہباز شریف کو ایک اچھا منتظم قرار دیتے ہیں تاہم اس دفعہ جب وہ وزارت اعلی سنبھال رہے ہیں پنجاب کے گورنر ایک ایسی شخصیت ہیں جنہیں صدر مشرف کے قریبی ساتھیوں اور شریف خاندان کے سیاسی حریفوں میں سے خیال کیا جاتا ہے۔

No comments: