International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Saturday, June 7, 2008

٩ سے ١٣ جون تک ملک بھر کی عدالتوں میں مکمل ہڑتال ہو گی

راولپنڈی ۔ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے وکلاء ‘ سابق سفیروں ‘ سابق فوجیوں ‘ سیاستدانوں ‘ تاجروں ‘ طلباء اور مزدوروں سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے ججوں کی بحالی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے لانگ مارچ کی بھرپور حمایت اور اس میں عملی شرکت کا اعلان کردیا ہے ۔ تمام طبقات نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وکلاء کا لانگ مارچ ‘ اور دھرنا ججوں کی مکمل بحالی تک جاری رہے گا۔ پرویز مشرف کی رخصتی کا فیصلہ اور وقت کا تعین اب عوام کریں گے۔ جرنیلوں سے دفاعی بجٹ ‘ زلزلہ زدگان کے لیے 60 ارب کی امداد ‘ کارگل ‘ لال مسجد اور قبائلی علاقوں کے شہداء کے خون کا حساب لیا جائے گا۔ 9 جون سے 13 جون تک ملک بھر میں عدالتوں میں مکمل ہڑتال ہو گی ۔عدلیہ کی آزادی کے آخری اور فیصلہ کن معرکے میں راولپنڈی شہر ایک بیس کیمپ کا کردار ادا کرے گا جس میں شرکاء کو رہائش ‘ کھانا علاج تک کی سہولیات دی جائیں گی ان خیالات کا اظہار مقررین نے ہائی کورٹ بار میں منعقدہ اجلاس میں کیا ۔ ہائی کورٹ بار کے صدر سردار عصمت اللہ کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں 30 سابق سفیروں کی نمائندگی سابق سیکرٹری خارجہ و سینیٹر منیر اکرم ذکی ‘سلیم نواز ‘ ایاز نے کی جبکہ اس موقع پر ایکس سروس مین سوسائٹی کی طرف سے بریگیڈیئر خادم حسین‘ بریگیڈیئر اسلام اختر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی محمد حنیف عباسی ‘ چوہدری سرفراز افضل ‘ جماعت اسلامی کے سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم‘ نواز شریف کے داماد کیپٹن(ر) صفدر ‘ مسلم لیگ پنجاب کے نائب صدر چوہدری تنویر ‘ آئی ایس آئی کے سابق سربرا ہ لیفٹیننٹ جنرل(ر) حمید گل کی صاحبزادی عظمی گل ‘ سپریم کورٹ بار کے سابق نائب صدر اکرام چوہدری ‘ ڈاکٹر کمال ‘ شمس الرحمن سواتی ‘ صدیق اعوان ‘ تاجر نمائندوں ‘ مقامی ناظمین و نائب ناظمین ‘ طلباء و مزدور تنظیموں کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد کے علاوہ وکلاء نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ پاکستان کے سابق سفیر وسابق سیکرٹری سینیٹر اکرم ذکی نے کہا کہ ماضی میں بیرون ملک پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سابق سفراء یہ سمجھتے ہیں کہ آئین کی پامالی سے پاکستان کی پوری دنیا میں بدنامی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اہم مناصب سے سبکدوش ہونے کے بعد اب سول سوسائٹی کے رکن کی حیثیت سے ہم وکلاء تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہیںا ور تیس سابق سفرا اپنا الگ احتجاجی فلود لے کر لانگ مارچ میں شامل ہوں گے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمیدگل کی صاحبزادی عظمی گل نے کہا کہ آج عدلیہ کی آزاد وکلاء کا ایشو نہیں رہا بلکہ پوری قوم کے دل کی آواز ہے ۔ یہ آخری معرکہ ہے ۔ جس میں ابھی یا کبھی نہیں والی پوزیشن ہے ۔ عوام جان لیں کہ ایسے مواقع بار بار نہیں ملتے ۔ ایکس سروس مین سوسائٹی کے نمائندے بریگیڈیئر (ر) خادم حسین نے کہا کہ ہماری سوسائٹی تیرہ جون کو لیاقت باغ گراؤنڈ کے ساتھ پورے مری روڈ کو بھر دیں گے عملی طورپر لانگ مارچ میں شامل ہیں ۔ مزدور راہنما اشتیاق احمد آسی نے کہا کہ نہ صرف راولپنڈی بلکہ ملک بھر کی مزدور برادری وکلاء کے لانگ مارچ کی حمایت کرتی ہے اور ہر طرح کے حالات میں منطقی انجام تک وکلاء اور عوام کا ساتھ دیں وکلاء قیادت پارلیمنٹ پہنچنے کا وعدہ پورا کرے ۔این اے 52 سے(ن) لیگ کے نامزد امیدوار کیپٹن(ر) صفدر نے کہا کہ مسلم لیگی قائد نواز شریف نے 12 اکتوبر 1999 ء کے بعد سے ہی آمریت کے خلاف اعلان جہاد کیا تھا۔ جرنیلوں نے پہلے بھی پاکستان کو دولخت کیا آج پھر ایک جرنیل وانا وزیرستان ‘ بلوچستان اور لال مسجد میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے ۔ ریٹائرڈ جنرل ہونے کے باوجود پرویز مشرف نے رفیق تارڑ اور نواز شریف کو گھر بھیجا جس کے بعد اب چیف جسٹس سمیت 62 ججوں کو معزول کیا ہم آئین کے بقا اور پاکستان کے استحکام کی جنگ لڑرہے ہیں انہوں نے اپیل کی کہ پاکستان کا ہر مرد خواتین بچہ بوڑھا خواہ کسی بھی طبقے سے تعلق رکھتاہے۔ پرویز مشرف کے خلاف سیاہ پٹیاں باندھیں اب فوج سے دفاعی بجٹ کا بھی حساب لینے کی ضرورت ہے ۔ زلزلہ زدگان کے لیے ساٹھ ارب کی امداد بھی جرنیلوں نے ہڑپ کرلی ۔ متحدہ مجلس عمل کے سابق رکن قومی اسمبلی و جماعت اسلامی پنجاب کے امیر میاں محمد اسلم نے کہا کہ آج پوری قوم پرویز مشرف سے نفرت کا اظہار اور اسے مسترد کرتی ہے ۔ تمام معزول جج آج بھی آئینی جج ہیں نہ تو عبدالحمید ڈوگر چیف جسٹس ہیں اورنہ پرویز مشرف ملک کے صدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور اے پی ڈی ایم کی پوری قیادت لانگ مارچ کے ساتھ ہے ۔ جماعت اسلامی پورے پنجاب میں لانگ مارچ کے شرکاء کا والہانہ استقبال کرے گی ۔ اور کارکنان سینکڑوں کی تعداد میں اس مارچ میں شریک ہوں گے۔ جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن لانگ مارچ کے شرکاء کو ایمبولینس اور موبائل ڈسپنسری کی سہولت بھی فراہم کرے گی ۔ مسلم لیگی رہنما چوہدری تنویراحمد خان نے کہاکہ ہمیشہ مصلحتوں اور نظریہ ضرورت کے تحت عدالتوں سے فیصلے آتے رہے ۔ لیکن تاریخ میں پہلی مرتبہ وکلاء اور عدلیہ نے آمریت کے خلاف آواز بلند کی جس میں سول سوسائٹی بھی شامل ہوئی ۔ نواز شریف کی ہدایات کے تحت مسلم لیگ راولپنڈی سمیت پورے پنجاب میں چیف جسٹس کا والہانہ استقبال کرے گی ۔ دوسرے شہروں سے آنے والے وکلاء اور عوام کو کھانا اور سہولیات فراہم کی جائیں گی راولپنڈی ڈویژن میں لانگ مارچ کے راستوں پر سبیلیںلگائی جائیں استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔ اور شرکاء کو ایمبولینس سروس فراہم کی جائے گی ۔ تیرہ جون کو راولپنڈی پہنچنے پر سواں پل پر چیف جسٹس کا والہانہ ا ستقبال کیا جائے گا۔ رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی نے کہاکہ(ن) لیگ نے شہر کی سطح پر تاجروں اور یونین کونسلوں کی سطح پر عوا سے رابطہ مکمل کرلیے ہیں ۔ تاجر وں اور یونین کو نسلوں کی سطح پر عوام سے رابطے مکمل کر لیے ہیں تاجربرادری پورے مری روڈ پر بینرز سبیلیں اور استقبالی کیمپ لگائے گی ۔ راولپنڈی شہر سے دو ہزار گاڑیوں کا جلوس لانگ مارچ میں شامل ہو گا۔ مریڑ چوک سے فیض آباد تک تمام امور راولپنڈی انجمن تاجران نمٹائے گی ۔ مسلم لیگ(ن) نے چھ ہزار استقبالیہ بینتر بنوائے ہیں ۔ جو لاہور سے پنڈی تک لگایا جائے گا۔ جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے امیر ڈاکٹر محمد کمال نے کہا کہ آج وکلاء تحریک کو سبوتاژ کرنے کے لیے مشرف کی سربراہی میں سازشیں ہو رہی ہے ہمیں ان سازشوں کا تدارک بھی کرنا ہو گا۔ کنواں صاف کرنے کے لیے ہمیں کتے کو باہر نکالنا ہو گا۔ سپریم کورٹ بار کے سابق صدر محمد اکرام چوہدری نے کہا کہ وکلاء کا لانگ مارچ اب عدلیہ کی آزادی اور وکلاء کی بحالی پر ہی انجام کو پہنچے گا۔ اب پرویز مشرف کی جگہ وکلاء اور عوام یہ طے کریں گے پرویز مشرف کو کب اور کیسے جانا ہے اب پرویز مشرف کو انصاف کے کٹہرے میں لائے بغیر کہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔ 9 جون سے 13 جون تک پوری قوم شہریوں کی مشترکہ تحریک ہے ۔ پیپلزپارٹی راولپنڈی سٹی کے صدر و سابق رکن قومی اسمبلی زمرد خان نے کہا کہ وکلاء کے لانگ مارچ کے استقبال کے لیے پیپلزپارٹی ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی اور پیپلزپارٹی کے تمام وکلاء لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے۔

No comments: