International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Saturday, June 7, 2008

مسلم لیگ (ن) وکلاء کے لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کرے گی، ملتان سے ذوالفقار کھوسہ اور لاہور سے راجہ اشفاق سرور شامل ہوں گے، ہر قصبہ میں لانگ مارچ کا بھر

لاہور۔ مسلم لیگ (ن) 10جون سے ملتان سے شروع ہونے والی وکلاء کی لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کرے گی۔ ملتان میں لانگ مارچ میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ اور لاہور سے پارٹی کے صوبائی سیکرٹری جنرل راجہ اشفاق سرور شامل ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) اتحاد سے الگ ہوگئی تو فائدہ فرد واحد کو پہنچے گا اس لئے حکومتی اتحاد میں رہتے ہوئے معزول ججوں کی بحالی کی تحریک چلائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) پنجاب کے ضلعی صدور وسیکرٹری صاحبان کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہبازشریف نے کی۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ (ن) وکلاء کے لانگ مارچ میں ملتان سے اسلام آباد تک بھرپور شرکت کرے گی۔ ہر قصبہ میں لانگ مارچ کا بھرپور استقبال کیا جائے گا جبکہ میاں شہبازشریف نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گراس روٹس تک لانگ مارچ میں شرکت کریں۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر لانگ مارچ میں ملتان سے شامل ہوں گے جہاں چیف جسٹس وکلاء سے خطاب بھی کریں گے جبکہ وہ خود لاہور سے لانگ مارچ کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) آج بھی قومی اسمبلی میں قرارداد اور انتظامی حکم کے ذریعے ججوں کی بحالی کے موقف پر قائم ہے جو آئینی پیکج پیپلز پارٹی نے ہمیں دیا ہے اس کے بعض نقاط پر ہمیں اعتراض ہے جس پر گفت وشنید جاری ہے۔ اس سوال پر کہ مسلم لیگ (ن) ججوں کی بحالی کیلئے تحریک کس کے خلاف چلا رہی ہے کیونکہ وہ تو خود حکومت کا حصہ ہے۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ ہم یہ تحریک ڈکٹیٹر کے خلاف چلا رہے ہیں۔ اگر ہم اتحاد سے باہر آتے ہیں تو اس کا فائدہ صرف اور صرف فرد واحد جنرل (ر) پرویز مشرف کو پہنچے گا۔ اس سوال پر کہ مسلم لیگ (ن) پارٹی کی پرائیویٹ میٹنگ ایوان وزیراعلی میں کرواکر اس کا غلط استعمال کررہی ہے۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ یہاں سابق دور حکومت میں بھی ایسے اجلاس ہوتے رہے ہیں آج کا اجلاس یہاں صرف اس لئے کیا گیا کہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے باعث مسلم لیگ (ن) کے تمام ارکان اسمبلی اس کے بالکل قریب موجود تھے۔ اس سوال پر کہ عوام کو مہنگائی کا جن کھا رہا ہے نوبت یہاں تک آگئی ہے کہ لوگ بچے برائے فروخت کے پوسٹروں کے ساتھ پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنے پر مجبور ہیں لیکن حکومت انہیں صرف ججوں کی بحالی کے ایشو پر لگا کر تمام مسائل سے نگاہیں چرا رہی ہے۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ ہم پاکستان بچانے کی جنگ لڑ رہے ہیں جو دیگر تمام مسائل سے زیادہ ضروری ہے کیونکہ اگر عدلیہ بحال نہ ہوئی تو پاکستان کی بقاء خطرے میں پڑ جائے گی۔ اس سوال پر کہ کیا میاں برادران کے خلاف امیدواروں کو کسی الہ دین کے چراغ کے ذریعے بٹھایا گیا ہے انہوں نے کہا ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ شریف برادران کو ابھی تک اپنی اہلیت کے خلاف رٹ پٹیشنز کا سامنا ہے جن کی سماعت پیر کو ہونا ہے۔

No comments: